خوف ، تشدد کے ماحول کے بغیر پاکستان سے تعلقات چاہتے ہیں۔ بھارتی صدرعالمی رہنماؤں کے بھی مبارکباد کے پیغامات

خوف ، تشدد کے ماحول کے بغیر پاکستان سے تعلقات چاہتے ہیں۔ بھارتی صدرعالمی ...

اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان کے 77ویں یوم پاکستان کے موقع پر بھارتی صدر پرناب مکھرجی نے سماجی روابط کی مشہور ویب سائٹ ٹوئٹر کے ذریعے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔اپنے ٹوئٹر پیغام میں بھارتی صدر پرناب مکھر جی نے کہا کہ 'پاکستانی حکومت اور عوام کو یوم پاکستان مبارک ہو'۔ بھارت پاکستان سے ایسے ماحول میں تعلقات قائم کرنا چاہتا ہے جہاں خوف اور تشدد موجود نہ ہو'۔ دیگر ممالک کے سربرااہوں نے بھی یوم پاکستان کے پرمسرت موقع پر پاکستان کی حکومت اورعوام کے لیے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا اور مبارک باد دی۔دوست ملک چین کے صدر شی جن پنگ اور وزیراعظم لی کی چیانگ نے اپنے پیغامات میں کہا کہ 'پاکستانی عوام نے مختلف مسائل پر کامیابی سے قابو پایا ہے جبکہ قومی سلامتی، استحکام اوراقتصادی ترقی کی راہ میں بھی متعدد نئی کامیابیاں حاصل کی ہیں'۔فرانس کے صدر فرانسوا اولاند نے صدر ممنون حسین کے نام تہنیتی پیغام میں دونوں ملکوں کے درمیان پائیدار دوستانہ تعلقات کواجاگر کیا۔ امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل نے اپنے پیغام میں کہا کہ امریکا بین المذاہب ہم آہنگی، ترقی اور سلامتی کے شعبوں میں مشترکہ مفادات کے حصول کے لیے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرتا رہے گا۔

مزید : کراچی صفحہ اول