یو بی ایل اور سی ڈی سی میں تعاون ،سرمایہ کاری کی محفوظ تحویل میں اضافہ

یو بی ایل اور سی ڈی سی میں تعاون ،سرمایہ کاری کی محفوظ تحویل میں اضافہ

کراچی (اکنامک رپورٹر)پاکستان کے بہترین بینک 2016 ء ، یو بی ایل نے حال ہی میں سینٹرل ڈپازیٹری کمپنی (سی ڈی سی) کے ساتھ ایک ڈپازیٹری پارٹیسپنٹ معاہدے پر دستخط کئے ہیں۔اس معاہدے کے تحت بینک کے صارفین اب کراچی ، لاہور اور اسلام آباد میں یو بی ایل کی منتخب شاخوں کے ذریعے اپنے سی ڈی سی اکاؤنٹس کھول سکیں گے اور ان میں ٹرانزیکشن کرسکیں گے، یو بی ایل کی مذکورہ شاخیں ان کی سرمایہ کاری کی محفوظ تحویل کے حوالے سے اور ان کی ضروریات کے لئے صارفین کو خدمات فراہم کریں گی۔دستخطوں کی تقریب میں بینک کے سینئر ایگزیکٹوز کے ساتھ ساتھ یو بی ایل کے گروپ ایگزیکٹو ریٹیل بینک، ضیاء اعجاز اورگروپ ہیڈ بینکنگ پراڈکٹس اینڈ کارپوریٹ سروس، شرجیل شاہد نے شرکت کی جب کہ سینٹرل ڈپازیٹری کمپنی کی نمائندگی اس کے سی ای او، آفتاب دیوان اور سینئر منیجمنٹ نے کی۔یو بی ایل کے گروپ ایگزیکٹو ریٹیل بینک، ضیاء اعجاز نے اس موقع پر کہا :’’یہ اقدام قابلِ قدر صارفین کے لئے ایک نئی جہت کا اضافہ کرے گا۔ یہ سہولت صارفین قریب ترین یو بی ایل برانچ سے حاصل کرسکیں گے اور اپنی تمام سرمایہ کاری محفوظ تحویل میں ہونے کی ضروریات کو پورا کریں گے۔‘‘ سینٹرل ڈپازیٹری کمپنی کے سی ای او، آفتاب دیوان نے اپنے صارفین کو ایک بہت اہم ضرورت یعنی سرمایہ کاری کی سہولت فراہم کرنے پر یو بی ایل کو مبارکباد دی، انہوں نے کہا :’’اس سہولت سے سی ڈی سی کو بھی یہ موقع ملے گا کہ وہ اپنے دائرۂ کار کو بین الاقوامی کے ساتھ ساتھ ملکی حدود میں بھی وسعت دے اور ساتھ ہی یو بی ایل برانچ نیٹ ورک کو ان کی ملک میں مالیاتی شمولیت کو وسیع کرنے کی کوششوں کو وسعت پذیری کا موقع فراہم کرے۔‘‘

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر