نواز شریف کی قیادت میں ملک پر کرپشن کے باتاج بادشاہوں کی حکمرانی ہے: مشتاق احمد خان

نواز شریف کی قیادت میں ملک پر کرپشن کے باتاج بادشاہوں کی حکمرانی ہے: مشتاق ...

 کرک(بیورورپورٹ) جماعت اسلامی خیبرپختونخوا کے امیرمشتاق احمدخان نے کہاہے کہ وزیراعظم ہاؤس ’’کرائم منسٹر‘‘کا محفوظ ٹھکانہ بن گیاہے، لادین سیاست ،آدم خورسیاستدان وطن عزیزکے لیے امریکہ ،بھارت اوراسرائیل سے زیادہ خطرناک ہیں، نوازشریف کی قیادت میں ملک پر کرپشن کے بے تاج بادشاہوں کی حکمرانی ہے،سراج الحق نے جے آئی یوتھ کی طاقت پر سیکولرزم ،روشن خیالی ، بدعنوانی، مہنگائی، بیروز گاری،ظلم اوربدامنی کیخلاف مقدس،نتیجہ خیز تحریک کا آغازکیاہے ،ملکی وسائل کو بے دردی سے لوٹنے والے قومی مجرم ایوان اقتدارپرقابض ہیں، 2018کے انتخابات قوم کی تقدیرکا فیصلہ کن موڑہے، ان خیالات کا اظہارانہوں نے جہانگیری کرک میں ایک بڑے شمولیتی جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر جے آئی یوتھ کے صوبائی صدرعبدالغفار،مشاورتی کونسل کے چیئرمین انتخاب چمکنی،مبلغ ختم نبوت مفتی امتیاز،جماعت اسلامی کرک کے امیرمولاناتسلیم اقبال،نائب امیراعظم ہمایون،جنرل سیکرٹری محمدظہوراورشبیرخٹک نے بھی خطاب کیا، قبل ازیں صوبائی امیرنے جے آئی یوتھ تحصیل تخت نصرتی کے تحصیل صدر،یونین صدور،جنرل سیکرٹریزاوردیگر عہدیداروں سے حلف لیا اورجماعت اسلامی میں شمولیت اختیارکرنے والے 100سے زائد مختلف سیاسی جماعتوں کے عہدیداروں ،کارکنوں اورنوجوانوں کو ٹوپیاں پہنائیں اورانہیں مبارکباد دی، مشتاق احمدخان نے اپنے خطاب میں مزیدکہا کہ مسلکی اختلافات پر قتل وغارت کی اسلام قطعی اجازت نہیں دیتا اورجماعت اسلامی فرقہ پرستی کیخلاف کوششوں کا بھرپورساتھ دیگی ،انہوں نے کہا کہ ظلم وناانصافی پر مبنی ریاستی پالیسیوں کی وجہ سے وطن عزیزبدامنی ،دہشتگردی کی لپیٹ میں ہے،پیپلز پارٹی اورمسلم لیگ ن نے استعماری قوتوں کے لیے ہمیشہ ایجنٹ کا کرداراداکیا،ہم ایساسیاسی نظام قطعاََ تسلیم نہیں کرتے جس میں 250روپے کے چورکو جیل بھیج دیاجاتاہے اور250کروڑ کے چور ملکی خزانے کے دربان مقررکیے جاتے ہیں، انہوں نے کہا کہ جمہوریت کے نا م پر آئین پاکستان کا مذاق اڑایاجارہاہے،ڈاکٹرعافیہ صدیقی کو امریکیوں پر بیچنے ، ریمنڈ ڈیوس کو بچانے اورعاشق رسول ؐ ممتازقادری شہیدکو پھانسی دینے والوں نے قومی غیرت کا جنازہ نکال دیا،انہوں نے کہا کہ امریکہ میں پاکستان کے سابق سفیرحسین حقانی نے اعتراف کیا ہے کہ انہوں نے آصف زرداری کی ایماء پر بلیک واٹر اورسی آئی اے کے اہلکاروں کو سفارتی ویزے جاری کئے اوروہ ایوان صدرکے رہائشی تھے ، انہوں نے کہا کہ ملکی سیاست پر لیڈروں کے نام سے ڈیلرزمسلط ہیں ، مٹھی بھراشرافیہ نے ملکی دولت اوروسائل کو یرغمال کررکھاہے،انہوں نے کہا کہ یہ طبقہ سمندرپارہسپتالوں سے علاج کرتے ہیں ، ان کی تعلیم کے ادارے یورپ اورامریکہ میں ہیں ، ان کا کاروبارآف شورکمپنیاں ہیں ،یہ پاکستان نژاد غیرملکی صرف حکمرانی کے لیے پاکستان کا رخ کرتے ہیں،ان کمیشن خورحکمرانوں نے 70سال تک ملکی دولت کو بے دردی سے لوٹ کر عوام کاخون چوسا،ان کے میگاپراجیکٹس میگاکرپشن کے آئینہ دارہوتے ہیں ، انہوں نے بجلی بلز میں سی پیک ٹیکس کو یکسرمستردکرتے ہوئے کہا کہ یہ حکومت کا ظالمانہ فیصلہ ہے ،ہم اس کیخلاف بھرپوراحتجاج کرکے عدالت جائینگے،انہوں نے ایف سی آر کے ظالمانہ قانون کو فی الفورختم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے وفاقی حکومت کو آڑے ہاتھوں لیا اورکہا کہ اس سلسلے میں وفاقی حکومت کے تاخیری حربوں کو برداشت نہیں کیاجائیگااگر حکومت نے فاٹا کے عوام کو پاکستانی شہریوں کے برابرحقوق نہ دیے تو جماعت اسلامی اسلام آباد میں احتجاجی دھرنے کی کال دیگی،انہوں نے کہاکہ پشاورمیں 16اپریل کو منعقد ہونیوالے گرینڈ یوتھ کنونشن سے صوبے کی سیاست کا رخ بدل جائیگا،انہوں نے کہا کہ پاکستان بالخصوص خیبرپختونخوا کے نوجوان اب جماعت اسلامی کیساتھ ہیں،ووٹ کا سوچ سمجھ کر استعمال سب سے بڑی قوت ہے انہوں نے کرک کے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ جے آئی یوتھ کے گلدستہ کا حصہ بن کراسلامی وخوشحال پاکستان کے قیام میں اپنا کرداراداکریں۔

مزید : پشاورصفحہ آخر