پولیس نے لال مسجد کو گھیرے میں لے لیا، رینجرز الرٹ

پولیس نے لال مسجد کو گھیرے میں لے لیا، رینجرز الرٹ
پولیس نے لال مسجد کو گھیرے میں لے لیا، رینجرز الرٹ

  


اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)وفاقی پولیس نے لال مسجد اور جامعہ حفظہ کو اپنے حصار میں لے لیا اور آخری اطلاعات تک لال مسجد میں کانفرنس کے انعقاد اور سابق خطیب مولاناعبدالعزیز کو خطاب کی اجازت نہیں دی گئی جبکہ لال مسجد آنے جانے والے تمام راستے سیل کرکے بھاری نفری تعینات کردی گئی۔

نجی ٹی وی چینل کے مطابق لال مسجد انتظامیہ نے نمازجمعہ کے بعد تحفظ ناموس رسالت ﷺ کانفرنس کے انعقاد کا اعلان کیاتھا جس میں کئی دیگر علمائے کرام کے علاوہ لال مسجد کے سابق خطیب مولاناعبدالعزیز کوبھی خطاب کرنا تھا لیکن اُن پر لال مسجد جانے پر پابندی ہے ، ضلعی انتظامیہ نے بھی کانفرنس کے انعقاد کی اجازت نہیں دی، دوسری طرف لال مسجد انتظامیہ نے موقف اپنایاکہ اُنہیں کسی سے اجازت لینے کی ضرورت نہیں ، وہ چاردیواری کے اندر کانفرنس کا انعقاد کریں گے ، مولاناعبدالعزیز پر عائد پابندی پر عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے وفاقی پولیس نے لال مسجد کو گھیرے میں لے لیا اور جامعہ حفظہ کے باہر موجود رینجرز کوبھی الرٹ کردیاگیا۔

بتایاگیاہے کہ نمازجمعہ سے قبل آئی جی اسلام آباد طارق مسعود یاسین نے جی سکس کا دورہ کیا اوراہلکاروں کو ہدایت کی کہ امن وامان کی صورتحال کو ہرممکن بحال رکھیں گے، کسی بھی شخص کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

آخری اطلاعات تک کسی بھی قسم کا کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔

مزید : اسلام آباد