ادارہ انتقال خون کو مزید فعال بنانے کا فیصلہ ، 2کمیٹیوں کی تشکیل
لاہور(جنرل رپورٹر)صوبہ میں بلڈ ٹرانسفیوژن سروسز کو مزید بہتر بنانے اور عطیہ کئے گئے خون کی سکرینگ کے طریقہ کار، خون اور خون کے اجزاء کی ترسیل اور ضرورت مند مریضوں تک فراہمی کیلئے جدید میکنزم ترتیب دینے کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ ادارہ انتقال خون (IBTS)کو مزید فعال بنایاجارہاہے ۔یہ بات صوبائی وزیر سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈمیڈیکل ایجوکیشن خواجہ سلمان رفیق نے انسٹی ٹیوٹ آف بلڈ ٹرانسفیوژن (ادارہ انتقال خون) کے معاملات کو بہتر بنانے اور مستقبل کی ضروریات کے تعین کیلئے بلائے گئے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی ۔ اجلاس میں ڈائریکٹر IBTS ڈاکٹر ظفراقبال ، ایڈیشنل سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر (ٹیکنیکل ) ڈاکٹر سلمان شاہد ، پنجاب بلڈ ٹرانسفیوژن اتھارٹی کے نمائندے ڈاکٹر اشفاق اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی ۔ڈاکٹر ظفر اقبال نے بتایاکہ سیالکوٹ ، گوجرانوالہ ، گجرات ، سرگودھااور ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز ہسپتال ملتان کے بلڈ بنکس کے انتظامی امور بھی ادارہ انتقال خون پنجاب کے سپرد کردیئے گئے ہیں ۔اجلاس میں ادارہ انتقال خون کو مزید بہتر بنانے اور آئندہ سال کیلئے مالی وسائل کی فراہمی کے حوالے سے معاملات زیرغور آئے ۔ اجلاس کو بتایاگیاکہ خون اور خون کے اجزاء سرکاری اورنجی بلڈ بنکس کو سپلائی کرنے ، ڈیمانڈ اینڈ سپلائی اور ٹرانسپورٹیشن کے معاملات کو مد نظر رکھتے ہوئے ایک موثراو رمتحرک میکنزم تیار کرنے کیلئے ڈائریکٹر انسٹی ٹیوٹ آف بلڈ ٹرانسفیوژن سروس پنجاب کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے جس میں ایڈیشنل سیکرٹری ٹیکنیکل کے علاوہ پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کا نمائند ،PMU پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ سے ڈاکٹر شفقت ، سیکرٹری PBTA، سندس فاؤنڈیشن اورایک لیب کے نمائندے بھی شامل ہیں ۔ یہ کمیٹی 15 یوم کے اندر رپورٹ پیش کرے گی ، جبکہ دوسری کمیٹی سرکاری اور نجی ہسپتالوں کے بلڈ بنکس میں آنے والے خون کی سکریننگ کے موجودہ طریقہ کار کاجائزہ لیکر جدید بلڈ سکریننگ تکنیک کے حوالے سے سفارشات پیش کرے گی ۔اس کمیٹی کے کنوینر پروفیسر محفوظ الرحمن پروفیسر آف پتھالوجی پی آئی سی ہوں گے جبکہ دیگر ارکان میں پروفیسر نثار احمد ، پروفیسر طارق رحمانی ،دونوں محکمہ صحت پنجاب کے ایڈیشنل سیکرٹریز (ٹیکنیکل) ، ڈائریکٹر IBTS اور سندس فاؤنڈیشن اور چغتائی لیب بلڈ بنک نیشنل ہسپتال کا ایک ایک نمائندہ بھی کمیٹی میں شامل کیاگیاہے ۔
بلڈ ٹرانسفیوژن