دشمن کی ناپاک کوششوں کے باوجود پاکستان ہمیشہ قائم رہے گا،فضل الرحیم اشرفی
لاہور (پ ر) جامعہ اشرفیہ لاہور کے مہتمم اور متحدہ علماء بورڈ پنجاب کے چیئرمین حضرت مولانا حافظ فضل الرحیم اشرفی نے 23 مارچ کے حوالے سے جامعہ اشرفیہ لاہور میں جمعۃ المبارک کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اللہ تعالیٰ کی نعمت ہے دشمن کی لاکھ کوششوں کے باوجود اس نے قیامت تک باقی رہنا ہے شیخ الاسلام علامہ شبیر احمد عثمانی اور دیگر علماء دیوبند نے قائد اعظم محمد علی جناحؒ کے ہمراہ قیام پاکستان میں بنیادی کردار ادا کیا تھااب علماء کرام پاکستان کی ترقی و استحکام اور امن و سلامتی میں بھی اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کا واحد اسلامی ملک ہے جو دو قومی نظریہ اور کلمہ کی بنیاد پر معرض وجود میں آیا اس ملک کا مقدر اسلام کے عادلانہ نظام کا نفاذ ہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قرار داد مقاصد کی روشنی میں پاکستان میں قرآن و سنت کے متصادم کوئی آئین تشکیل نہیں دیا جاسکتا انہوں نے جمعۃالمبارک کے اجتماع میں قیام امن فرقہ واریت کے خاتمہ اتحاد بین المسلمین کے فروغ ملک کی ترقی و استحکام اور شام و برما کے مظلوم ترین مسلمانوں کے لیے خصوصی دعا کروائی۔