جیلانی پارک میں بہار کے پھولو ں کی نمائش،مالی نے افتتاح کیا

جیلانی پارک میں بہار کے پھولو ں کی نمائش،مالی نے افتتاح کیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(اپنے نمائندے سے ) جیلانی پارک لاہور میں موسمِ بہار کے پھولوں کی سالانہ نمائش کا افتتاح کیا گیا جو 30 مارچ تک جاری رہے گی۔پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی لاہور نے اپنے محنت کش مالیوں کی شب و روز محنت اوراپنے کام سے لگن کو سراہتے ہوئے ایک نئی روایت کو جنم دیتے ہوئے بہار کے پھولوں کی سالانہ نمائش میں مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے جیلانی پارک کے ہی ایک مالی محمد اسلم کومدعو کیا اور اسی مالی سے ہی اس نمائش کا افتتاح بھی کروایا گیا۔ تمام مالی محکمہ کی طرف سے ایک مالی کی محنت کو اس انداز میں سراہنے پر بہت خوش اور مطمئن نظر آئے محمد اسلم مالی (مہمانِ خصوصی ) نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ محکمہ کی طرف سے اس انداز میں دی جانے والی عزت پہ بہت فخر محسوس کررہا ہوں اس نے مزید کہا کہ وہ اور بھی دل لگا کر اپنے کام میں مزید نکھار لائے گا تاکہ محکمہ کی مزید بہتر انداز میں خدمت کرسکے۔ میاں شکیل احمدDG پی ایچ اے نے میڈیا اور پی ایچ اے کے دیگر افسران کے ہمراہ نمائش کا دورہ کیا اور کہا کہ اس نمائش کی تعریف کے اصل حق دار ہمارے یہ مالی حضرات ہی ہیں جن کی محنت، لگن اور مہارت سے یہ نمائش ستائش کو پہنچی ۔اس خوبصورت نمائش میں موسمِ بہار میں کِھلنے والے کم و بیش 100 اقسام کے پھول رکھے گئے ہیں۔اِن کے علاوہ سدا سرسبز رہنے والے نمائشی پودوں کی بھی 70 اقسام رکھی گئی ہیں۔اس نمائشی مقابلہ میں مختلف تعلیمی اداروں، ہوٹل انڈسٹریز و دیگر کمرشل اداروں نے بھی بھر پور حصہ لیا۔ تقریب کی ایک خصوصیت یہ بھی تھی کہ مختلف تعلیمی ادارے جن میں گورنمنٹ کالج یونیورسٹی اورلاہور کالج یونیورسٹی کی طالبات نے" آرائش گل" کے مقابلہ میں بھی بھر پور حصہ لیا اور موقع پر ہی خوبصورت گلدستے سجانے کے فن کا مظاہرہ کیا۔ہارٹیکلچر سوسائٹی آف پاکستان کے تمام ممبران نے اس کامیاب نمائش کے انعقاد پر میاں شکیل احمد DG پی ایچ اے کا شکریہ ادا کیا۔جبکہ جاوید حامد پراجیکٹ ڈائریکٹر جیلانی پارک ،مصباح الحسن ڈارڈائریکٹر ہارٹیکلچراورمحمد وقار اسسٹنٹ ڈائریکٹر ہارٹیکلچر کی کاوش کو بہت سراہا گیا۔
نمائش