ایوان کارکنان میں یوم پاکستان کے موقع پر تقریب،اہم شخصیات کی شرکت
لاہور(جنرل رپورٹر)) یوم پاکستان تجدید عہد کا دن ہے ۔ آجہ ہمیں یہ عزم کرنا چاہیے کہ جس طرح تحریکِ پاکستان کے دوران مسلمانوں نے متحد ہوکر انگریزوں اور ہندوؤں سے پاکستان چھین لیا تھا‘ اسی طرح ہم بھی اپنے اتحاد اور یگانگت سے دشمن کے ہتھکنڈوں کو ناکام بنادیں گے۔ پاکستان تحفۂ خداوندی ہے جس کی قدر و منزلت اور تحفظ ہمارا مقصدِ حیات ہونا چاہیے۔ ہمارا اتحاد ہی ہماری سب سے بڑی طاقت ہے‘ ہم متحد رہیں گے تو دشمن اپنے مذموم عزائم کبھی پورے نہ کرسکے گا۔ ان خیالات کا اظہار مقررین نے ایوان کارکنان تحریک پاکستان، شاہراہ قائداعظمؒ لاہور میں قرارداد لاہور1940ء (قرارداد پاکستان) کی منظوری کے78سال مکمل ہونے پر ’’یوم پاکستان‘‘ کی خصوصی تقریب کے دوران کیا۔ تقریب کی صدارت تحریک پاکستان کے ممتاز کارکن ڈاکٹر رفیق احمد نے کی جبکہ مہمانان خاص تحریک پاکستان کے گولڈ میڈلسٹ کارکنان تھے۔ اس تقریب کا اہتمام نظریۂ پاکستان ٹرسٹ نے تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ کے اشتراک سے کیا تھا۔ اس موقع پر معروف قانون دان جسٹس(ر) خلیل الرحمن خان، تحریک پاکستان کے گولڈ میڈلسٹ کارکنان جسٹس(ر) میاں آفتاب فرخ، سراج احمد، کرنل(ر) سلیم ملک، محمد ارشد چودھری، چودھری ظفر اللہ خان، میاں ابراہیم طاہر اور رانا سجاد جالندھری،چیف کوآرڈی نیٹر نظریۂ پاکستان ٹرسٹ میاں فاروق الطاف، انعام الرحمن گیلانی، پروفیسر ڈاکٹر پروین خان، بیگم خالدہ جمیل،ڈاکٹر فرزانہ شاہین، میاں محمد اشرف عاصمی،ناصر چوہان، فاروق خان آزاد، پروفیسر شرافت علی، منور حسن (کوئٹہ)،مسرور اختر قریشی، رحیم خان ، نواب برکات محمود، شہزاد شریف، منظور حسین خان، کارکنان تحریک پاکستان،اساتذۂ کرام، طلبا وطالبات سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے خواتین وحضرات کثیر تعداد میں موجود تھے۔ پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک ، نعت رسول مقبولؐ اور قومی ترانہ سے ہوا۔قاری خالد محمود نے تلاوت جبکہ الحاج اختر حسین قریشی نے بارگاہ رسالت مآبؐ میں ہدیۂ عقیدت پیش کیا۔ محمد نبیل اشرف نے ملی نغمہ سنایا۔ پروگرام کی نظامت کے فرائض سیکرٹری نظریۂ پاکستان ٹرسٹ شاہد رشید نے انجام دیے
ایوان کارکنان