ڈالر کی قیمت میں اضافہ سے مہنگائی کا طوفان آئے گا،ناصر رمضان
لاہور(جنرل رپورٹر)مسلم لیگ کے راہنما و ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات پاکستان مسلم لیگ پنجاب ناصر رمضان گجرنے کہا ہے کہ روپے کی بے قدری اور ڈالر کی قیمت میں مسلسل اضافہ سے مہنگائی کا طوفان آئے گا جس سے کاروباری سرگرمیاں بھی متاثر ہونگی انہوں نے کہا کہ ایک ہی دن میں روپے کی قدر میں45فیصد کمی سے ملکی معیشت متاثر ہوگی اور حکومتی قرضوں کا حجم بھی بڑھے گا ایک محتاط اندازہ کے مطابق حکومتی قرضوں میں800سے ایک ہزار ارب سے زائد کا اضافہ ہوگا جو قوم پر بوجھ ہوگا ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ ہاؤس میں کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ ناصررمضان گجر نے کہا کہ روپے کی قدر گرنے اور ڈالر کی قیمت میں اضافہ سے صنعتوں کے لیے بیرون ممالک سے منگوایا گیا خام مال مہنگا ہوگا جس سے صنعتی شعبہ متاثر ہوگااور اشیاء کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوگا مہنگائی میں اضافہ سے عوام کی قوت خرید کم ہوگی جس کے کاروباری سرگرمیوں پر براہ راست منفی اثرات مرتب ہوں انہوں نے کہا کہ ڈالر کی قیمت میں اضافہ سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوگا اور پرائیویٹ پاور پلانٹ میں فرنس آئل کی قیمتیں بڑھنے سے بجلی کی قیمتوں میں بھی اضافہ متوقع ہے اس لیے ڈالر کی قیمت میں کمی کے اقدامات کیے جائیں کیونکہ ماہرین کے مطابق ڈالر کی قیمت میں ایک روپے اضافہ سے ملکی قرضوں میں60ارب کا اضافہ ہوتا ہے جبکہ ڈالر100سے116روپے کی سطح تک پہنچ چکا ہے جس میں مزید اضافہ ہورہا ہے ۔