چائنہ کے ساتھ فری ٹریڈ معاہدہ صنعتوں کیلئے نقصان دہ ہے،خادم حسین
لاہور(کامرس رپورٹر) ممتازتاجر رہنما و پاکستان سٹون ڈویلپمنٹ کمپنی کے بور ڈ آف ڈائریکٹرز کے رکن خادم حسین سینئر نائب صدر خادم حسین ایگزیکٹو ممبرلاہور چیمبرز آف کامرس نے کہا ہے کہ حکومت کی طر ف سے چین کے ساتھ آئند ہ ماہ ہونے والا فری ٹریڈ معاہدہ ملکی صنعت کے لیے نقصان دہ ہے جبکہ فری ٹریڈ سے حکومت چین سے درآمد کی جانے والی اشیاء پر اربوں روپے کی ڈیوٹی اور ٹیکس سے محروم ہوجائے گی اور ملک بھر میں چائینہ کی مصنوعات کی بھر مار سے ملکی اشیاء کی مانگ میں کمی سے صنعتی شعبہ متاثر ہوگا ۔انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ ملکی صنعت ختم کرنے کے مترادف ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے فیروز پور بورڈ کے تاجروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ خادم حسین نے کہا کہ مجوزہ فری ٹریڈ معاہدے کے تحت120ٹیرف لائنوں میں سے6000اشیاء پر ڈیوٹی ختم کرنے کی تجویز ہے جس کے بعد صرف1120اشیاء پر ڈیوٹی وصول ہوگی جس سے حکومتی ریونیو میں کمی اور زرمبادلہ کے ذخائر میں کمی سے حکومت مزید مالی مشکلات کا شکار ہوگی اس لیے اس معاہدہ پر نظرثانی کی جائے کیونکہ اس سے ملکی صنعتیں متاثر ہونگی۔