حکومت نے معیشت کی ترقی کیلئے قطعاًکوئی کام نہیں کیا، میاں شکیل
لاہور (نمائندہ خصوصی ) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی راہنما ؤں میاں شکیل ایڈووکیٹ اور غلام مصطفی نے کہا ہے کہ حکومت نے معیشت میں کلیدی حصہ ڈالنے والے شعبوں کی ترقی کیلئے قطعاًکوئی کام نہیں کیا ، معیشت کو مضبوط بنیادوں پر کھڑا نہ کرنے کا نتیجہ ہے کہ آ ج عالمی مالیاتی ادارے پاکستان کو دباؤ میں لانے کیلئے کھیل کھیل رہے ہیں اور حکمران خاموشی تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈالر نے روپے کوجس طرح پچھاڑا ہے اس کی ملکی تاریخ میں کوئی مثال نہیں ملتی اور یہ منفی ریکارڈ بھی موجودہ حکومت کے حصے میں ہی آیا ہے ڈالر کی قیمت بڑھنے کی وجہ سے پاکستانی قرضوں میں ایک اندازے کے مطابق 800سے 900ارب روپے کا اضافہ ہو گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پور ے ملک میں بے چینی کی لہر دوڑی ہوئی ہے جبکہ حکمرانوں اور مرکزی بینک کی جانب سے مکمل خاموشی تشویش کا باعث ہے ،حکمران جاتے ہوئے ملک کی ناؤ کو ڈبونے سے باز رہیں ۔