سلامی کے دوران وزیر اعظم کھڑا ہونا بھول گئے
اسلام آباد(آئی این پی ) یوم پاکستان پریڈ کے دوران سلامی کے چبوترے پر تمام افراد اردن کے فوجی دستے سے سلامی وصول کرنے کیلئے کھڑے ہوگئے تاہم وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی بیٹھے رہے ۔ جمعہ کو یوم پاکستان کے موقع پر شکرپڑیاں پریڈ گرا ؤ نڈ میں پریڈ کے دوران پاک فوج کے مختلف دستوں نے صدر، وزیر اعظم اور تقریب کے مہمان خصوصی سری لنکن صدر، تینوں مسلح افواج کے سربراہان اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کو سلامی پیش کی ۔ سلامی کے دوران چبوترے پر موجود افراد نے کھڑے ہو کر سلامی لی، متحدہ عرب امارات کا فوجی دستہ گزرنے کے بعد یہ افراد کچھ دیر کیلئے بیٹھے تاہم جب اختتام پر اردن کا فوجی بینڈ آیا تو سلامی کے چبوترے پر موجود افراد ایک بار پھر اٹھ کھڑے ہوئے لیکن وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی اردن کے دستے کی پریڈ دیکھنے میں مشغول رہے۔ اسی دوران وزیر اعظم کے پیچھے موجود آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے انتہائی تیزی کے ساتھ وزیر اعظم کا کندھا ہلایا اور انہیں کھڑے ہونے کا اشارہ کیا جس پر وہ فوری طور پر دیگر شرکا کے ساتھ کھڑے ہوگئے۔ آرمی چیف کی جانب سے وزیر اعظم کو کھڑا ہونے کا اشارہ کرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر فوراً وائرل ہو گئی ۔
وزیر اعظم