خیبرپختونخوا حکومت کے ہیلی کاپٹر کو کمرشل بنیادوں پر استعمال کرنے کا انکشاف
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک )نیب کی تحقیقات میں خیبرپختونخوا حکومت کے سرکاری ہیلی کاپٹر ایم آئی 17 کو کمرشل بنیادوں پر استعمال کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔کے پی حکومت کیلئے یہ ہیلی کاپٹر2007 میں خریدا گیا تھا اور اب نیب ذرائع نے اس بات کا انکشاف کیا ہے کہ اس ہیلی کاپٹر کو کمرشل بنیادوں پر بھی استعمال کیا گیا۔نیب ذرائع کے مطابق یہ انکشاف عمران خان کی جانب سے سرکاری ہیلی کاپٹر کے مبینہ غیر قانونی استعمال کے سلسلے میں جاری تحقیقات کے دوران ان متعلقہ دستاویزات کے جائزے کے بعد ہوا ہے جو خیبر پختونخوا کے محکمہ ایڈمنسٹریشن نے جمع کرائی ہیں۔نیب ذرائع کا کہنا ہے اب مزید تحقیقات کی جائیں گی کہ ہیلی کاپٹر کو خریدنے کے بعد سے اسے کب، کہا ں اور کس نے کمرشل بنیادوں پر استعمال کیا۔عمران خان نے کے پی حکومت کے ہیلی کاپٹرز کا دل کھول کر مفت استعمال کیا،ذرائع کے مطا بق ہیلی کاپٹر سے حاصل ہونیوالی آمدنی کے بارے میں بھی تحقیقات ہوں گی کہ رقم سرکاری خزانے میں جمع بھی کرائی گئی ہے یا نہیں ۔ خیا ل رہے جنوری میں یہ رپورٹ منظر عام پر آئی تھی کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے خیبرپختونخوا حکومت کے ہیلی کاپٹرز کا دل کھول کر مفت استعمال کیا۔دو ہیلی کاپٹروں میں عمران خان کبھی بنی گالا سے پشاور ، کبھی کوہاٹ، کبھی مردان گئے، تو کبھی بٹگرام ، چکدرہ، ا یبٹ آباد، ہری پور، چترال، سوات اور نتھیا گلی کے سفر کیے۔تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے خیبرپختونخواکے ہیلی کاپٹروں میں وزیراعلیٰ پرویز خٹک کی منظوری سے مسافت کے لحاظ سے تقریباً آدھی دنیا کا مفت سفر کیا۔ان کے 40 فضائی سفروں پر اٹھنے والے اخر ا جات کی رقم تو کرو ڑ وں روپے میں ہے تاہم صوبائی حکومت کی سرکاری دستاویز میں ہیلی کاپٹرز کے استعمال کی مد میں صرف 21 لاکھ7 ہزار 181 روپے کے اخراجات کا تذکرہ ہے۔