یوم پاکستان جو ش و جذبے سے منایا گیا ، مقبوضہ کشمیر میں بھی اسبز ہلالی پرچموں کی بہار ، دبئی ، چین ، ترکی اور لندن میں بھی تقریبات

یوم پاکستان جو ش و جذبے سے منایا گیا ، مقبوضہ کشمیر میں بھی اسبز ہلالی پرچموں ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی لاہور اسلام آباد کوئٹہ ،پشاور ( سٹاف رپورٹر، جنرل رپورٹر ،نیوز ایجنسیاں ) ملک بھر میں 78 واں یوم پاکستان ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا،دن کا آ غاز پر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 اور صوبوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔لاہور میں مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب کا انعقاد بھی کیا گیا اور پاک فضائیہ کے دستے نے مزار پر گارڈز کے فرائض سنبھال لیے۔سیکیورٹی مقاصد کے تحت اسلام آباد میں موبائل فون سروس جزوی طور پر معطل رہی۔یوم پاکستان کے حوالے سے صوبائی دارالحکومتوں میں بھی خصوصی تقاریب کا انعقاد کیا گیا۔یوم پاکستان کے موقع پر گورنر سندھ محمد زبیر، وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ، تینوں مسلح افواج کے نمائندوں اور آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ سمیت دیگر حکومتی عہدیداروں نے مزار قائد پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔رینجرز ہیڈکوارٹرز میں یوم پاکستان کے سلسلے میں پروقار تقریب منعقد ہوئی جس کے دوران ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل محمد سعید نے مقام شہدا پر چادر چڑھائی اور شہدا کے درجات کی بلندی کے لئے دعا بھی کی گئی۔،اس سلسلے میں اسلام آباد میں مسلح افواج کی شاندار پریڈ کا انعقاد کیا گیا۔اسلام آباد کے شکرپڑیاں پریڈ گراؤنڈ میں منعقدہ مرکزی تقریب میں صدر مملکت ممنون حسین، وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، تینوں مسلح افواج کے سربراہان اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات سمیت دیگر سول و عسکری حکام شریک ہوئے۔تقریب کے مہمان خصوصی سری لنکا کے صدر متھری پالا سری سینا تھے جب کہ متحدہ عرب امارات کے فوجی دستے نے بھی تقریب میں پہلی مرتبہ شرکت کی اور اردن کے فوجی دستے نے مختلف دھنیں بجا کر تقریب کو چار چاند لگائے۔مشترکہ پریڈ میں پاک فوج، بحریہ، فضائیہ اور سول آرمڈ فورسز کے دستے شامل ہوئے۔ بوائز اسکاؤٹ اور گرلز گائیڈ کے دستے نے بھی مشترکہ پریڈ میں حصہ لیا جب کہ پولیس سروس کی نمائندگی اسلام آباد پولیس کے دستے نے کی۔پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان نے ایف 16 پر سلامی پیش کی جب کہ جے ایف 17 تھنڈر طیاروں نے فلائی پاسٹ کیا اور فضائی کرتب بھی دکھائے، پاک فوج کے ہیلی کاپٹرز فلائی پاسٹ کرتے ہوئے سلامی کے چبوترے کے اوپر سے گذرے اور کمانڈوز نے پیرا شوٹ کے ذریعے فضا سے زمین تک آنے کا مظاہرہ بھی کیا۔اسپیشل سروسز گروپ، کوئن آف بیٹل فیلڈ انفنٹری، خواتین افسروں اور نرسنگ کور کے دستے نے بھی مشترکہ پریڈ میں معزز مہمانوں کو سلامی پیش کی۔ تقریب میں پنجاب، سندھ، خیبرپختونخوا، بلوچستان، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے ثقافتی فلوٹس بھی برآمد ہوئے جو سلامی کے چبوترے سے ہوتے ہوئے آگے بڑھے۔صدر مملکت ممنون حسین کو پاک فوج کے چاق و چوبند دستوں نے سلامی پیش کی جس کے بعد انہوں نے تقریب سے خطاب بھی کیا۔صدر مملکت نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہماری تاریخ میں 23 مارچ جیسا کوئی دن نہیں، اس روز فیصلہ ہوا تھا کہ غاصبانہ طاقتوں کو شکست دے کر اپنی قسمت کا فیصلہ خود کریں گے، ہم اس خواب کو حقیقت کا رنگ دینے والوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔صدر ممنون حسین نے کہا کہ گزشتہ تین دہائیوں کے دوران خطے میں ہونے والی تبدیلیوں اور جنگ و جدل نے خطے کا استحکام متاثر کیا جس کی وجہ سے پاکستان بھی متاثر ہوا لیکن پاک فوج نے آپریشن ضرب عضب اور ردالفساد کے ذریعے اس چینلج کا بھرپور مقابلہ کیا۔صدر پاکستان نے کہا کہ لازوال قربانیوں کے نتیجے میں ملک میں امن بحال ہوچکا ہے، کامیابی کے اس سلسلے کو برقرار رکھنا ضروری ہے تاکہ دہشتگردی کا عفریت پھر سر نہ اٹھاسکے۔صدر مملکت ممنون حسین کا کہنا ہے کہ بھارت کو خبردار کرتا ہوں کہ خالصتاً مقامی تحریک آزادی پر ظلم کے پہاڑ توڑنا بند کرے، آزادی کی تحریکوں کو طاقت کے زور سے دبایا نہیں جا سکتا۔کوئٹہ میں یوم پاکستان کی مناسبت سے سیکیورٹی ہائی الرٹ ہے، شہر میں 5 ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات ہیں جبکہ فرنٹئیر کور کے حکام بھی سیکیورٹی کی ڈیوٹی سر انجام دے رہے ہیں۔ڈیرہ بگٹی میں یوم پاکستان کے سلسلے میں ڈی سی آفس میں پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی جبکہ سوئی میں پاکستان ہاؤس سے ایف سی قلعہ تک ریلی نکالی گئی۔چمن میں مرکزی تقریب پریس کلب چوک پر ہوئی جس میں سیکٹر کمانڈر نارتھ برگیڈیئر ندیم سہیل، کمانڈنٹ کرنل عثمان اور ڈی سی سیف کھیتران نے پرچم کشائی کی جب کہ کمانڈر نارتھ سیکٹر برگیڈئیر ندیم سہیل کی قیادت میں یوم پاکستان ریلی بھی نکالی گئی۔خضدار کے غوث بخش بزنجو اسٹیڈیم میں منعقدہ یوم پاکستان کی تقریب میں پرچم کشائی کی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں کمشنر قلات محمد ہاشم غلزئی نے پرچم کشائی کی جب کہ تقریب میں اعلیٰ سول و فوجی حکام، قبائلی عمائدین اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، تقریب میں پاک فوج کی جانب سے جنگی سازو سامان کی نمائش بھی کی گئی۔خاران میں ایف سی پبلک اسکول اینڈ کالج میں یوم پاکستان کی پروقار تقریب ہوئی جس میں سرکاری افسران، علاقائی عمائدین اور اساتذہ و طلبا کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ڈیرہ غازی خان میں یوم پاکستان کی مرکزی تقریب جامعہ ہائی اسکول میں منعقد ہوئی جس میں ڈپٹی کمشنر مہر جنید ابراہیم نے پرچم کشائی کی، تقریب میں سیاسی، سماجی شخصیات اور طلبا و طالبات نے شرکت کی۔سرگودھا میں یوم پاکستان کے سلسلے میں پاکستان زندہ باد ریلی نکالی گئی جس کے شرکاء4 نے شہر کے مختلف بازاروں کا چکر لگایا۔مظفر گڑھ میں یوم پاکستان کے موقع پر ریسکیو اسٹیشن میں تقریب منعقد ہوئی جس میں ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر ارشاد نے پرچم کشائی کی۔راجن پور کے ڈپٹی کمشنر آفس میں یوم پاکستان کی تقریب ہوئی جہاں ڈپٹی کمشنر اشفاق احمد کی جانب سے پرچم کشائی کی گئی، تقریب میں ضلعی انتظامیہ، پولیس اور مختلف اسکولوں کے بچوں نے شرکت کی۔بلتستان ڈویڑن کے چاروں اضلاع میں بھی یوم پاکستان کی تقریبات کا انعقاد کیا گیا اور تمام ضلعی ہیڈکواٹرز میں پرچم کشائی کی تقریبات ہوئیں جب کہ میونسپل اسٹیڈیم میں پاک فوج کی جانب سے دفاعی ساز وسامان کی نمائش کا انعقاد بھی کیا گیا۔ا?زاد کشمیر میں بھی یوم پاکستان کی تقریبات کا انعقاد کیا گیا اور مظفرا?باد میں آزادی چوک سے گھڑی پن چوک تک ریلی بھی نکالی گئی۔78 واں یوم پاکستان، نہ صرف ملک بھر میں بلکہ دبئی، چین، ترکی اور لندن میں بھی بھرپور جوش و جذبہ سے منایا جارہا ہے اور اس موقع پر پاکستانیوں نے اپنے اپنے انداز سے تقریبات کا انعقاد کیا ہے۔واضح رہے کہ 23 مارچ 1940 کو لاہور کے منٹو پارک میں آل انڈیا مسلم لیگ نے وہ تاریخی قرارداد منظور کروائی تھی، جس کے نیتجے میں 7 برس بعد وطن عزیز پاکستان وجود میں آیا تھا۔متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی میں پاکستانی سفیر معظم احمد خان کی جانب سے ’شکریہ پاکستان‘ کے نام سے یوم پاکستان کے 4 روزہ جشن کا اہتمام کیا گیا ہے۔اس موقع پر مختلف تقریبات کا بھی انعقاد کیا جائے گا، جس میں دبئی کی مشہور شخصیات کی شرکت متوقع ہے۔چین کے دارالحکومت بیجنگ میں پاکستانی سفارتخانے میں یوم پاکستان قومی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔تقریب کے آغاز پر پاکستانی سفیر مسعود خالد نے سرسبز ہلالی پرچم بلند کیا۔پاکستانی سفیر مسعود خالد نے تقریب میں شریک بچوں میں تحائف بھی تقیسم کیے۔اس موقع پر بچے بڑے سب ہی پاکستان کی ثقافت کے رنگوں میں نظر آئے اور ملی نغمہ گا کر وطن سے محبت کا اظہار کیا۔تقریب میں سفیر مسعود خالد نے پاکستانی صدر ممنون حسین اور وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا پیغام بھی پڑھ کر سنایا۔ ترکی کے شہر انقرہ میں بھی یوم پاکستان کے موقع پر خصوصی تیاریاں کی گئیں۔استنبول میں برطانیہ اور ایشیا کوملانے والے پْل کو پاکستانی پرچم سیروشن کیا جائے گا۔مقبوضہ کشمیر کے علاقے سری نگر میں بھی دختران ملت کے زیر اہتمام یوم پاکستان کی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔تقریب میں تحریک کی رہنما آسیہ اندرابی اور دیگر خواتین نے پاکستانی قومی ترانہ بھی پڑھا۔
یوم پاکستان

سری نگر(آئی این پی) مقبوضہ کشمیر میں تمام تر پابندیوں کے باوجود یوم پاکستان منایا گیا ، کشمیریوں کی جانب سے پاکستان کا قومی پرچم لہرایا گیا اور قومی ترانہ بھی پڑھا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سری نگر میں دختران ملت تنظیم کے تحت یوم پاکستان شایان شان طریقے سے منایا گیا اور اس حوالے سے ایک تقریب کا بھی انعقاد کیا گیا۔تقریب کے دوران دختران ملت کی سربراہ آسیہ اندرابی اور ان کے ساتھ دیگر خواتین نے پاکستان کا قومی ترانہ بھی پڑھا اور پاکستان سے محبت کا اظہار کیا۔اس موقع پر آسیہ اندرابی کا کہنا تھا کہ اسلام، ایمان اور قرآن کی بنیاد پر اور حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم سے محبت کی بنیاد پر بر صغیر میں رہنے والے تمام مسلمان پاکستانی ہیں۔یوم پاکستان کی مناسبت سے منعقدہ اس تقریب میں آسیہ اندرانی نے دو قومی نظریہ کے حوالے سے بات چیت کی اور پاکستان سے محبت کا اظہار کرتے ہوئے کشمیر بنے گا پاکستان کے نعرے بھی لگائے۔خیال رہے کہ 23 مارچ کا دن پاکستان میں قومی دن کے طور پر منایا جاتا ہے کیونکہ آج سے 77 سال قبل 1940 کو اس دن لاہور کے منٹوپارک میں مسلم لیگ کے اجتماع میں تاریخی قرارداد پاکستان کی منظوری دی گئی جس کی وجہ سے جنوبی ایشیا کے مسلمانوں کیلئے ایک الگ وطن کے قیام کی راہ ہموار ہوئی تھی۔علاوہ ازیں آل پارٹیز حریت کانفرنس کے رہنماں غلام نبی سمجھی، بلال صدیقی اور کشمیر کے مفتی اعظم مفتی بشیر الدین فاروقی اور دیگر رہنماں نے یوم پاکستان کے حوالے سے پیغام میں پاکستان کو اس قومی دن کی مبارک باد دی اور دعا کہ ملک میں امن، استحکام اور سلامتی ہو۔
مقبوضہ کشمیر

اسلام آباد( آن لائن )یوم پاکستان پر مسلح افواج کی مشترکہ پریڈ کے موقع پر دفاعی و فوجی طاقت کا بھرپور مظاہرہ کیا گیا جس کی وجہ سے دشمن پر دھاک بیٹھ گئی ،اپ ڈیٹ نظام کے ساتھ پریڈ میں رکھے گئے غزنوی، غوری، شاہین ، نصر ، ابدالی اور کروز میزائل اور پاکستان کے اپنے تیار کردہ ڈرون طیارے جب سلامی کے چبوترے کے سامنے سے گزرے تو حاضرین کاجوش دیدنی تھا جبکہ غیر ملکی سفارت کار پاکستان کی دفاعی و فوجی ترقی پر حیران تھے ، الخالد او ر الضرار ٹینکوں کے نئے ورژن بھی پاکستان نے بنا لئے ہیں وہ بھی پریڈ کا حصہ اور لوگوں کی توجہ کا مرکز تھے خواتین کے دستوں نے بھی پریڈ کا حصہ بن کر پذیرائی حاصل کی۔بوائز اسکاوٹس، گرلز گائیڈ، پنجاب اور سندھ رینجرز، ایف سی خیبر پختونخوا،پاکستان آرمی سگنل اور انجنئرنگ کے دستے بھی پریڈ کا حصہ بنے۔ برادر اسلامی ممالک یو اے ای اور اردن کی شاہی فوج کے بینڈ نے بھی پریڈ میں حصہ لیا اور اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔ صدارتی باڈی گارڈز کے گھڑ سوار دستے نے بھی پریڈ میں حصہ لیا اور سلامی دی۔ انفنٹری کی مختلف رجمنٹس کے دستے، میکنائزڈ انفنٹری، آرمڈ کور، ایس پی ڈی کے تحت مختلف رینج کے میزائل بھی پریڈ میں شامل کئے گئے۔ آرمی ایوی ایشن اور بحریہ ایوی ایشن کے کوبرا، ایم ائی سیونٹین پیونکن ہیلی کاپٹرز پر مشتمل دستوں نے 300 فٹ کی بلندی پر فلائی پاسٹ کیا۔ پاکستان آرمی، نیوی اور پاک فضائیہ کے کمانڈوز نے 10 ہزار فٹ کی بلندی سے فری فال کا مظاہرہ کیا۔