صوابی قومی محاذ کے انضمام سے پی ٹی آئی مزید مضبوط اور مستحکم ہو گئی : اسد قیصر
صوابی ( بیورورپورٹ ) سپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی اسدقیصر نے کہا ہے کہ 2018 کے انتخابات میں نئے پاکستان ،نئے خیبرپختونخوا اور نئے صوابی کیلئے مشترکہ جدوجہد کرینگے ،صوابی قومی محاذ کا پی ٹی آئی میں انضمام سے صوابی میں تحریک انصاف مزید مضبوط اور مستحکم ہوگی ،پاکستان کا آئندہ وزیراعظم عمران خان ہی ہوگا،بحیثیت وزیراعظم صوابی کا دورہ کرکے ایک بڑے جلسہ عام میں سی پیک خیبرپختونخوا کا بنیادی منصوبہ اور حصہ ہونے کا باقاعدہ اعلان کرینگے ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں صوابی قومی محاذ کا پی ٹی آئی میں انضمام کے حوالے سے منعقدہ پریس کانفرنس میں کیا ،انہوں نے محاذ کے تمام کارکنوں اور عہدیداروں کا پی ٹی آئی میں شمولیت اور جماعت کو ضم کرنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں صوابی قومی محاذ کے سیاسی شعور رکھنے والے جیسے مخلص کارکنوں کی ضرورت تھی جو کہ ان کی شمولیت سے پوری ہوگئی ، انہوں نے کہا کہ حکومتی سرکاری اداروں اور محکموں میں لوگوں کو زیادہ روزگار میسر نہ ہونے کی سبب ہم نے بڑے بڑے میگا پراجیکٹس پر توجہ دی جس کے تحت دُنیا کے تمام ممالک ایک دوسرے کے ساتھ منسلک ہوجائیں گے ،اس منصوبے میں سب سے بڑا صنعتی زون کرنل شیر انٹرچینج کے قریب بن رہا ہے ،اس میں بیس لاکھ سے زائد افراد کو روزگار کے مواقع میسر ہونگے ، انہوں نے کہا کہ سی پیک کے منصوبے میں خیبرپختونخوا کو اپنا حق دلوانے کیلئے میں نے صوبائی حکومت کی جانب سے عدالتی جنگ لڑا ،جس کے نتیجے میں وفاقی حکومت نے عدالت میں تحریری معاہدہ جمع کرایا کہ سی پیک کے منصوبے میں خیبرپختونخوا مکمل طور پر شامل ہوگا ،اسی طرح صوابی سے پشاور تک سرکلر ریلوے ٹریک ،چترال کو موٹروے سے منسلک کرنے ،پشاور سے ڈیرہ اسماعیل خان تک ایکسپریس وے ،کوہاٹ سے جنڈ تک لنک روڈ تعمیر کرنے ،پشاور سے کراچی تک ریلوے ٹریک کو عالمی معیار کے مطابق بنوانے اور 1700 میگا واٹ بجلی کے منصوبے بھی سی پیک میں شامل ہیں ، انہوں نے کہا کہ اورسیز پاکستانیوں اور تمباکو کی کاشتکاروں کے مسائل کیلئے عملی اقدامات اُٹھائے ،انہوں نے کہا کہ میرا آئندہ انتخابی ایجنڈا صرف اور صرف صوابی کے گھر گھر گیس پہنچانا ہے ،انہوں نے کہا کہ اڑھائی کروڑ روپے کی لاگت سے دس کلومیٹر صوابی بائی پاس روڈ کی تعمیر کا کام جلد شروع ہوجائے گا ، یہ صرف صوابی نہیں بلکہ پورے ضلع کا ایک بڑا منصوبہ ہے اسی طرح آٹھ ارب روپے کی لاگت سے مردان صوابی اور صوابی جہانگیرہ روڈ کی تعمیر کے منصوبے پر بیس اپریل تک معاہدہ پر دستخط کیا جائے گا ۔