یوم پاکستان کے موقع پر ضلعی پولیس کوہاٹ کی پولیس شہدا ء کے لواحقین سے غیر رسمی ملاقاتیں

یوم پاکستان کے موقع پر ضلعی پولیس کوہاٹ کی پولیس شہدا ء کے لواحقین سے غیر ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کوہاٹ (بیورورپورٹ)کوہاٹ میں 23مارچ کو یوم پاکستان کے موقع پر پولیس شہداء کی یاد میں پروقار تقریب کا اہتمام کیا گیا ۔ضلعی پولیس سربراہ عباس مجید خان مروت کی طرف سے شہدائے پولیس کی لازوال قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کی غرض سے منعقدہ خصوصی تقریب میں ورثائے شہداء نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ڈسٹرکٹ پولیس آفس میں منعقدہ تقریب کے دوران ضلعی پولیس سربراہ نے پولیس شہداء کے لواحقین سے غیر رسمی ملاقات کرتے ہوئے انکے مسائل و مشکلات سے آگاہی حاصل کی اور متعلقہ پولیس حکام کو ورثائے شہداء کے مسائل کے فوری حل کے حوالے سے موقع پر احکامات جاری کئے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ضلعی پولیس سربراہ عباس مجید خان مروت نے کہا کہ عوام کی جان و مال کے تحفظ ،ملکی دفاع اور قیام امن کی خاطر جانوں کا نذرانہ پیش کرنیوالے پولیس افسران وجوانوں کی قربانیوں کو کبھی بھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔پولیس شہداء کو ہم بھولے نہیں بلکہ عوامی خدمت کے دوران اپنے فرض کی ادائیگی میں شہادت کا رتبہ پانے والے افسران وجوان آج بھی ہمارے دلوں میں زندہ ہیں ۔انہوں نے کہا کہ شہدائے پولیس کے لواحقین ہمیں دل وجان سے عزیز ہیں انکے ساتھ ہر خوشی و غم میں برابر کے شریک ہیں اور انہیں کسی بھی مشکل میں تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ پاک سرزمین کی حفاظت پر جان نچھاور کرتے ہوئے اپنا خون بہا دینے والے شہدائے پولیس نے ایسی انمٹ تاریخ رقم کی ہے جو رہتی دنیا تک یاد رکھی جائے گی ۔انہوں نے کہا کہ پولیس اور تمام دیگر سیکیورٹی اداروں کی لازوال قربانیوں کے طفیل ملک میں امن وامان بحال ہوا ہے انہوں نے شہداء کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ انکی تاریخ ساز قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ضلعی پولیس سربراہ عباس مجید خان مروت نے لواحقین شہداء کی صبر وتحمل،برداشت اور استقامت ،حوصلے اور ثابت قدمی کے اوصاف کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ کامیابی ان قوموں کے قدم چھومتی ہیں جو مشکل حالات میں ملک وقوم کی حفاظت کیلئے جان کی قربانی کا جذبہ رکھتی ہیں۔