چیف جسٹس میاں ثاقب نثار اورمسٹر جسٹس اعجاز الاحسن آج سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں اہم مقدمات کی سماعت کرینگے
لاہور(نامہ نگارخصوصی)چیف جسٹس پاکستان مسٹر جسٹس میاں ثاقب نثار اورمسٹر جسٹس اعجاز الاحسن پر مشتمل سپریم کورٹ کا 2رکنی بنچ آج ہفتہ 24مارچ کوسپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں اہم مقدمات کی سماعت کررہا ہے ،جن میں مفاد عامہ پر ازخود نوٹس کے4کیس جبکہ معمول کے 13مقدمات شامل ہیں ۔فاضل بنچ جن از خود نوٹس کیسوں کی سماعت کررہا ہے ،ان میں ہربنس پورہ میں نجی اراضی اور عوامی پارک کے لئے مختص جگہ پر لیسکو کی طرف سے گرڈ اسٹیشن بنانے ، نجی میڈیکل کالجوں میں بھاری فیسوں کا کیس، فضائی آلودگی اور سرگودھا میں بدھی نالہ میں کیمیکل فیکٹری کا آلودہ پانی گرنے کے مقدمات شامل ہیں ۔فاضل بنچ نجی میڈیکل کالجوں کے کیس میں ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشنز ،پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن سمیت مختلف سائلین کی طرف سے فریق بننے کی درخواستوں کا جائزہ بھی لے گا۔ہفتہ کے روز اعلیٰ عدالتوں میں عدالتی امور انجام نہیں دیئے جاتے تاہم چیف جسٹس پاکستان نے نہ صرف ہفتہ بلکہ اتوار کے روز بھی ازخود نوٹس کیسوں کی سماعت شروع کرکے ایک نئی روایت قائم کی ہے۔
اہم مقدمات