متحدہ مجلس عمل کی بحالی احسن اقدام ہے،شمس سواتی

متحدہ مجلس عمل کی بحالی احسن اقدام ہے،شمس سواتی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


راولپنڈی(جنرل رپورٹر)جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی رکن شوریٰ و ضلعی امیر شمس الرحمن سواتی نے کہاہے کہ متحدہ مجلس عمل کی بحالی اور مذہبی قائدین کا ایک پلیٹ فارم پر جمع ہونا بہت مبارک ہے ، پاکستان سمیت دنیا بھرمیں مسلمانوں کی حالت زاراس بات کا تقاضا کررہی تھی کہ دینی قیادت معمولی اختلافات کوپس پشت ڈالتے ہوئے ایک بڑے مقصداسلام کے فروغ اورپاکستانی عوام کوسیکولر،لادین اور کرپٹ قیادت سے نجات دلانے کیلئے محب وطن اور دینی قوتیں اپنی صفوں کوازسرنومنظم کریں ۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رہنما جماعت اسلامی نے کہاکہ قاضی حسین احمدؒ اور مولانا شاہ احمدنورانیؒ کا لگایا ہوا پوداایک بارپھرتروتازہ ہوچکا ہے اور آئندہ الیکشن میں ایم ایم اے ایک بڑی پارلیمانی قوت بن کرابھرے گی ، عام انتخابات متحدہ مجلس عمل کے پلیٹ فارم سے ، ایک منشور ، ایک نشان ، ایک جھنڈے اور ایک دستور کے تحت حصہ لیں گے۔ ایم ایم اے دستور کے مطابق دیگر جماعتوں سے انتخابی مفاہمت اور سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے دروازے کھلے رکھے جائیں گے۔ مجلس عمل اپنی تمام توانائیاں ملک میں اسلامی نظام کے نفاذ ، قومی مسائل کے حل ، اقلیتی اور محروم طبقوں سمیت تمام کے حقوق کا تحفظ اور ملک میں عوامی مسائل کے حل کے لیے جدوجہد کرے گی۔ ہمیں مظلوموں کی آواز بننا ہے ، ہماری کوشش ہو گی کہ قوم کی آرزوؤں اور خواہشات پر پورا اتریں۔شمس الرحمن سواتی نے کہاکہ ہم ایک خوش حال پاکستان اوراسٹیٹس کوسے مایوس قوم کوامید دینا چاہتے ہیں۔ مدینہ کی ریاست ہمارے لیے رول ماڈل ہے اور نظام خلافت ہمارا مشن ہے۔ ہمیں ان مشکلات کا بھی اندازہ ہے۔ جس میں ہمارے خلاف ملک کے اندر اور ملک کے باہر بھی سازشیں ہوں گی۔ملکی سیاست پر قابض سازشی قوتیں مذہبی قوتوں کو سامنے آتا ہوا نہیں دیکھ سکتیں۔ انہوں نے کہا تما م مذہبی جماعتوں کے کارکنان وسیع القلبی کا مظاہرہ کرنا ہوگا، تمام امن پسند اور جمہوری لوگ متحدہ مجلس عمل کے ساتھ کھڑے ہوں ۔ قوم کو تقسیم در تقسیم کرنے کی ہر سازش کو ناکام اور انتشار کی ہر کوشش کو ناکام بنائیں گے۔اپریل میں متحدہ مجلس عمل اسلام آباد میں ملک گیرکنونشن منعقدکرے گی جبکہ جماعت اسلامی کے پلیٹ فارم سے 8اپریل کو لاہورمیں ایک عظیم الشان جے آئی یوتھ کنونشن منعقد ہوگاجس میں خطہ پوٹھوہار سے بھی بڑی تعداد میں نوجوان شریک ہوں گے ۔