عمران خان نے ہمیشہ اصولوں کی سیاست کی،اکبرخان تنولی
حسن ابدال(تحصیل رپورٹر)پی ٹی آئی میں دراڑیں ڈالنے کے خواب دیکھنے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں۔میجر طاہر صادق اور ملک امین اسلم سمیت تمام لیڈر شپ کا ٹارگٹ نقلی شیر ہے جس کی اصلیت عوام جان چکی ہے۔عمران خان نے ہمیشہ اصولوں کی سیاست کی ہے یہی وجہ ہے کہ آج کرپٹ سیاست دان ان سے خوفزدہ ہیں۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنماء اور سابق امیدوار صوبائی اسمبلی اکبر خان تنولی نے حسن ابدال کے دورہ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اٹک میں جشن بہاراں کے انعقاد نے ضلعی چیئرپرسن ایمان طاہر اور میجر طاہر صادق کی مثبت سوچ کو اجاگر کیا ہے۔ عوام کو گھٹن کے ماحول سے نکالنے اور خوشیاں بکھیرنے کی یہ کوشش قابل تعریف ہے جس پر ضلع بھر کے عوام ان کے مشکور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج ضلع بھر میں پی ٹی آئی ایک ناقابل تسخیر طاقت بن چکی ہے جس نے انتخابات سے قبل ہی مخالفین کے غبارے سے ہوا نکا ل دی ہے اور آج وہ تختیاں لگا کر عوام سے ووٹ حاصل کرنے کی ناکام کوشش میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پانچ سال تک عوام کو لوٹنے والوں نے مایوسی کے سوا انہیں کچھ نہیں دیا۔ عوام کے پیسہ پر عیاشی کرنے والوں سے آنے والے انتخابات میں عوام ووٹ کی طاقت سے حساب لے گی اور ان کی کرپشن زدہ سیاست کو ہمیشہ کے لیے دفن کر دیں گے۔ اکبر خان تنولی نے کہا کہ پی ٹی آئی میں دراڑیں ڈال کر شکست دینے کے خواب دیکھنے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں۔ پی ٹی آئی کا ہر ورکر اپنے قائد عمران خان کی قیادت میں متحد ہے اور میجر طاہر صادق اور ملک امین اسلم سمیت ہر کسی کا ٹارگٹ جعلی شیر ہے جس کی اصلیت عوام جان چکے ہیں اور رہی سہی کثر آنے والے انتخابات میں نکال دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ حلقے کے عوام کو آنے والے دنوں میں بہت سی خوشخبریاں ملنے والی ہیں جس کے بعد مخالفین کے پاس شکست کے سوا کوئی آپشن باقی نہیں رہے گا۔