مہاجروں کی پاکستان سے محبت غیر مشروط ہے، ڈاکٹر سلیم حیدر

مہاجروں کی پاکستان سے محبت غیر مشروط ہے، ڈاکٹر سلیم حیدر

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کرا چی(اسٹاف رپورٹر )مہاجر اتحاد تحریک کے چیئرمین ڈاکٹر سلیم حیدر نے کہا ہے کہ پاکستان کو بنانے اور اس کو بچانے کیلئے مہاجروں کی قربانیاں کبھی فراموش نہیں کی جاسکتیں۔ مہاجر پاکستان کے خالق ہیں اور جب بھی کبھی ملک پر برا وقت پڑتا ہے تو مہاجر ہی اس ملک کو بچانے کیلئے سب سے آگے ہوتے ہیں۔ وہ کورنگی میں یوم دفاع پاکستان کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ تقریب سے شہزادالرحمن، اعجاز شیخ، فرید خان اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ ڈاکٹر سلیم حیدر نے کہاکہ پاکستان مہاجروں کی شہ رگ ہے اور اس کی تعمیروترقی کیلئے ہمیشہ مہاجروں نے قربانیاں دیں۔ آج بھی کراچی، حیدرآباد سمیت سندھ کے شہروں میں ہونے والی ترقی مہاجروں کی ہی مرہون منت ہے۔ انہوں نے کہاکہ مہاجروں کو مشکوک نظر سے نہ دیکھا جائے کیونکہ مہاجروں کی پاکستان سے وفاداری غیر مشروط ہے۔ پاکستان کو بنانے کیلئے لاکھوں مہاجروں نے جانوں کے نذرانے دیئے، اپنے گھر بار چھوڑے اور قائداعظم محمد علی جناح کی قیادت میں یہ ملک حاصل کیا لیکن بدقسمتی سے اس ملک پر وہ لوگ حکمران رہے ہیں جن کا نہ تو پاکستان بنانے میں کوئی کردار تھا اور نہ ہی وہ پاکستان سے مخلص ہیں ، ان کی جائیدادیں اور اولادیں آج بھی ملک سے باہر بیٹھی ہوئی ہیں لیکن وہ ہمیشہ اقتدار میں آکر پاکستان کے وسائل کو لوٹتے ہیں ، یہاں کے عوام کو بھوک وبدحالی میں مبتلا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ جب تک مہاجروں کو اول درجے کا شہری نہیں سمجھا جائے گا اس وقت تک مہاجروں میں احساس محرومی جنم لیتی رہے گی۔