پچاس کروڑ آبادی کو ہیلتھ انشورنس فراہم کر دی،بھارتی وزیرصحت کا دعویٰ
نئی دہلی(این این آئی)بھارت نے اپنے ملک کی نصف آبادی کو صحت کی انشورنس فراہم کرنے کے لیے ایک ارب 50 کروڑ ڈالر سے زیادہ فنڈز مختص کردیئے جس سے تقریباً 10 کروڑ خاندانوں کو جن کی تعداد 50 کروڑ نفوس کے لگ بھگ ہے، پیچیدہ بیماریوں کے علاج کے لیے سالانہ 5 لاکھ روپے تک کی سہولت حاصل ہو جائے گی۔نئے وفاقی بجٹ میں حکومت نے اپنے ہیلتھ پروگرام کے لیے 200 ارب روپے رکھے ہیں، جیسے جیسے یہ پروگرام آگے بڑھے گا، اس کے لیے مزید رقوم مہیا کی جائیں گی۔میڈیارپورٹس کے مطابق بھارت کے وزیر صحت جے پی ندا نے ایک نیوز بریفنگ میں کہا کہ یہ ایک اہم فیصلے کی جانب تاریخی قدم ہے اور یہ دنیا بھر میں صحت کے تحفظ کا سب سے بڑا پروگرام ہے۔