یوم پاکستان تجدید عہد کا دن،ہم نے تاریخ سے سبق نہیں سیکھا،میاں مقصود
ملتان (سٹی رپورٹر) امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمدنے کہاہے کہ23مارچ کا دن تجدید عہد کا دن ہے جو ہمیں اپنے ان رہنماؤں کی یاد دلاتاہے جنہوں نے ایک الگ وطن کا سنگ بنیاد رکھااوران ہی کی نیک نیتی،محنت اور سخت جدوجہد سے اسلامی جمہوریہ پاکستان دنیا کے نقشے پر ابھرا۔(بقیہ نمبر32صفحہ12پر )
آج ہم جس آزاد ملک میں سانس لے رہے ہیں اسکا خواب علامہ اقبالؒ نے دیکھا اور اس خواب کوعملی جامہ قائد اعظم محمد علی جناحؒ نے پہنایا۔ 23مارچ کا دن ہمیں پاکستان کو عملاً اسلامی فلاحی مملکت بنانے کا درس دیتا ہے۔ہم دعاگو ہیں کہ وطن عزیز دشمن قوتوں سے محفوظ رہے اور ہمیں محب وطن قیادت نصیب ہو جو حقیقی معنوں میں پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لئے کام کر ے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکمرانوں کے عاقبت نا اندیش فیصلوں کی بدولت ملک و قوم کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے ۔ہم نے اپنی تاریخ سے سبق نہیں سیکھا۔آج اندرونی انتشار اور خلفشار انتہا کو پہنچ چکا ہے ۔1971میں ملک دو لخت ہو گیا اور ہمارے حکمران آپس کے اختلافات میں الجھے رہے،آج بھی صورتحال مختلف نہیں ہے ۔انہوں نے کہا کہ یہ ہماراالمیہ ہے کہ جتنے بھی حکمران چاہے وہ ماضی کے ہوں یاموجودہ سب نے اپنے ذاتی مفادات کی خاطر پاکستان کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا۔آج پاکستان عملاً مسائلستان بن چکا ہے۔