فروخت کئے گئے ووٹوں کی وجہ سے صادق سنجرانی چیئرمین سینیٹ بنے :وزیر اعظم عباسی

ننکانہ صاحب(این این آئی)وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے چیئر مین سینیٹ صادق سنجرانی کے انتخاب پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ فروخت کئے گئے ووٹوں کی وجہ سے صادق سنجرانی چیئرمین سینیٹ بنے ہیں،ایسے دنیا میں پاکستان کی عزت ہو سکتی ہے ؟،یہ بے عزتی کا مقام ہے ٗ آج بھی کہتا ہوں کہ چیئر مین سینیٹ متفقہ طور پر لا یا جائے ،موجودہ چیئر مین سینیٹ کی عوام میں کوئی عزت نہیں ہے ۔
ننکانہ صاحب میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ن لیگ کی سیاست ملک کی خدمت کی سیاست ہے ،جیب بھرنے کی سیاست نہیں ،ہم پر گزشتہ پانچ سالوں میں بہت الزامات لگائے گئے جوثابت نہیں ہوئے لیکن ہمارے کام سب کو نظر آرہے ہیں ،جو الزام لگاتے ہیں وہ اپنے گریبان میں دیکھیں اور اپنے کام دکھائیں ۔
وزیر اعظم نے کہا کہ چیئرمین سینیٹ کے انتخاب میں پیسے دے کر ووٹ خریدے گئے چیئرمین سینیٹ کی عوام میں کوئی عزت نہیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ چیئر مین سینیٹ کے انتخاب میں لوگوں کا ایمان اور ضمیر خریدا گیا ۔ فروخت کئے گئے ووٹوں کی وجہ سے صادق سنجرانی چیئرمین سینیٹ بنے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جب ملک میں صدر نہیں ہوتا تو چیئرمین سینیٹ صدر مملکت ہوئے ہیں،اس طرح چیئرمین سینیٹ کا انتخاب بے عزتی کا مقام ہے،کیا اس طرح ملک کی عزت دنیا میں ہو سکتی ہے ؟ وزیر اعظم نے اپوزیشن کو پیش کش کی کہ صادق سنجرانی کو ہٹا کر نیا چیئرمین سینیٹ لائیں۔