کوڑا اُٹھانے والی خاتون کو ٹوکری میں ایک لاکھ روپے پڑے نظر آگئے، یہ اُس نے اپنی جیب میں ڈالے اور۔۔۔ پھر اس رقم کے ساتھ کیا کیا؟ جان کر آپ بے اختیار کھڑے ہوکر اسے سلیوٹ کریں گے

نئی دلی(نیوز ڈیسک)دن رات مشقت کر کے دو وقت کی روٹی کمانے والے مفلس انسان کو یک لخت لاکھ روپیہ مل جائے تو کیونکر توقع کی جا سکتی ہے کہ وہ اس دولت سے خود کو محروم کرنا چاہے گا۔ یہ بظاہر ناممکن کام بھارت میں ایک انتہائی غریب خاکروب خاتون نے کر دکھایا ہے، جسے ایک لاکھ روپیہ کوڑے کی ٹوکری میں پڑا ملا اور اس نے یہ رقم اپنے پاس رکھنے کی بجائے اصل مالک تک پہنچا دی۔
یوٹیوب چینل سبسکرائب کرنے کیلئے یہاں کلک کریں
ٹائمز آف انڈیا کے مطابق مدیلا لکشمی نامی خاتون ریاست تلنگانہ کے ضلع جگتیال کی ایک سبزی منڈی میں صفائی کا کام کرتی ہے ۔ منگل کی شام وہ حسب معمول صفائی کررہی تھی کہ ایک جگہ کوڑے کی ٹوکری میں اسے ایک تھیلی نظر آئی۔ جب اس نے یہ تھیلی کھول کر دیکھی تو حیران رہ گئی کہ اس میں بے شمار نوٹ بھرے ہوئے تھے۔ چونکہ اس وقت وہاں کوئی نہیں تھا لہٰذا مدیلا یہ تھیلی گھر لے گئی لیکن صبح پہلی فرصت میں اسے لے کر دوبارہ سبزی منڈی پہنچ گئی۔ اتفاق سے اسے وہاں ایک شخص نظر آیا جو انتہا ئی پریشانی کے عالم میں کچھ ڈھونڈتا پھررہا تھا۔ جب مدیلا نے پوچھا کہ اسے کیا پریشانی لاحق تھی تو جاوید نامی اس تاجر نے بتایا کہ وہ اپنی بھاری رقم گزشتہ روز کہیں گنوا بیٹھا ہے۔ جاوید نے بتایا کہ اس نے اپنی دکان بند کی تو ایک تھیلی میں رقم اور دوسری میں کچھ ردی ڈال کر روانہ ہوا لیکن قریبی کوڑا دان کے پاس پہنچا تو غلطی سے رقم والی تھیلی اس میں پھینک کر چلا گیا۔ بعد ازاں جب غلطی کا احساس ہوا تو واپس پلٹا لیکن تب تک رقم والی تھیلی وہاں سے غائب ہو چکی تھی۔
مدیلا کو فوری احساس ہو گیا کہ رقم اسی شخص کی ہے لہٰذا اپنے پاس موجود تھیلی جوں کی توں اس کے حوالے کر دی۔ اپنی رقم یوں غیر متوقع طو رپر واپس ملنے پر اس تاجر کی خوشی کا کوئی ٹھکانہ نہیں تھا۔ اس نے ناصرف مدیلا کو پانچ ہزار روپے بطور انعام دئیے بلکہ سب کی سامنے اس کی دیانتداری کا بھی خوب چرچہ کیا۔ بعد ازاں یہ خبر مقامی میڈیا کے ذریعے سب تک پہنچی اور ہر کسی نے اس دیانتدار خاتون کے کردار کو بے حد سراہا۔