وزارت دفاع کا مشرف کو سیکیورٹی دینے سے صاف انکار ،خط کا جواب بھیج دیا
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن )وزارت دفاع نے سابق صدر پرویز مشرف کو سیکیورٹی دینے سے انکار کر دیا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق سابق صدر کی جانب سے وطن واپسی پر سیکیورٹی کی فراہمی کیلئے وزارت دفاع کو خط لکھا گیا تھا جس پر اب تحریری جواب بھیج دیا گیاہے جس کے مطابق سیکیورٹی فراہم کرنے کی درخواست مسترد کرتے ہوئے انکار کر دیا گیاہے ۔
وزارت دفاع کے سیکشن آفیسر اختر ملک کی جانب سے پرویز مشرف کے دبئی کے موجودہ پتے پر لکھے گئے جوابی خط میں کہا گیا ہے کہ پرویز مشرف کو سییکیورٹی دینا وزارت دفاع کے دائرہ کار میں نہیں آتا۔دوسری جانب پرویز مشرف کے وکیل اختر شاہ نے بھی وزارت دفاع کی جانب سے لکھے گئے خط کی تصدیق کی ہے۔اختر شاہ نے کہا کہ معاملہ خصوصی عدالت میں دوبارہ اٹھاو¿ں گا۔ان کا کہنا تھا کہ پرویز مشرف کی سیکیورٹی کے لیے وزارت داخلہ پر اعتماد نہیں کر سکتے، وزارت داخلہ نے ہی پرویز مشرف کے خلاف کیس بنایا ہے تو وہ پرویز مشرف کو سیکیورٹی کیسے دے گی؟۔