جوکھلاڑی پاکستان نہیں آنا چاہتے ،فرنچائزز انہیں نہ لیں:نجم سیٹھی
کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ جوکھلاڑی پاکستان نہیں آنا چاہتے ،فرنچائزز انہیں نہ لیں۔
نجی ٹی وی اے آر وائے نیوز کے پروگرام ’’ سوال یہ ہے ‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے نجم سیٹھی کا کہناتھا کہ مجھے اللہ نے ملک و قوم کی خدمت کرنے کا موقع دیاہے، کراچی میں پی ایس ایل کا فائنل کرانا ایک چیلنج تھا لیکن سب کی دعاوں سے یہ ہونے جا رہا ہے کیونکہ نیت صاف ہو تو رکاوٹیں دور ہوجاتی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ بتا یا گیا ہے کہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی میچ دیکھنے آئیں گے ، یہی نہیں بلوچستان ،خیبر پختونخوا کے وزرائے اعلی اور بلاول بھٹو زرداری بھی پی ایس ایل کا فائنل دیکھنے آرہے ہیں۔ چیئر مین پی سی بی نے مزید کہا کہ ویسٹ انڈیز کی ٹیم بھی پاکستان کھیلنے کیلئے آرہی ہے جبکہ پی ایس تھری میں اچھے کھلاڑی سامنے آئے ہیں۔