گورنر اور وزیر اعلیٰ سندھ کی کابینہ ارکان کے ہمراہ مزار قائد پر حاضری

گورنر اور وزیر اعلیٰ سندھ کی کابینہ ارکان کے ہمراہ مزار قائد پر حاضری

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی(اسٹاف رپورٹر)گورنر سندھ عمران اسماعیل نے وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اورصوبائی کابینہ کے اراکین کے ہمراہ مزار قائد پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی بھی کی ۔ بعد ازاں گورنر سندھ نے مہمانوں کی کتاب میں عظیم رہنما ء کے لئے اپنے تاثرات بھی درج کئے ۔ گورنر سندھ نے کہا کہ آج کا دن ہمیں پاکستان کے لئے عملی جدوجہد کے آغاز کی یاد دلاتا ہے، ہمیں ملکی استحکام ، اتحاد و اتفاق کا عزم کرنا چاہئے، تاریخ گواہ ہے کہ پاکستان لا زوال قربانیوں اور جدوجہد کے بعد حاصل ہوا۔انہوں نے مزید کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناحؒ کی عظیم قیادت میں تمام تر سازشوں کے باوجود مسلمانوں نے ایک علیحدہ وطن حاصل کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایک مضبوط، مستحکم اور خوشحال پاکستان کے خواب کو عملی جامہ پہنانے کے لئے ہم سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ آج کا پاکستان ماضی سے کہیں زیادہ بہترہے جہاں سرمایہ کاری کے وافر مواقع موجود ہیں۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ موجودہ وزیر اعظم ایماندار، دیانتدار اور پاکستان کے لئے مخلص ہیں ان کا ویژن ہے کہ پاکستان کے وقار کو مزید بلند کیا جائے، ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہوچکا ہے موجودہ حکومت کی معاشی، ثقافتی اور سیاحتی پالیسیوں کی بدولت جلد پاکستان دنیا بھر میں قدر کی نگاہ سے دیکھا جائے گا۔ ہماری مسلح افواج نے ملک کے دفاع کو یقینی بنانے کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جس کا واضح ثبوت بھارت کی طرف سے کی جانے والی حالیہ جارحیت کا منہ توڑ جواب دے کر ثابت کردیا کہ دشمن ہمارے وطن عزیز کی طرف کبھی میلی نگاہ سے نہ دیکھ سکے گا۔ 29 مارچ کوزیراعظم پاکستان کراچی کا دورہ کریں گے اور تقریباً 200 ارب روپے کے پیکج کا اعلان کریں گے جبکہ ستمبر میں پانچ ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح بھی کریں گے۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بھی میڈیا سے گفتگو کی۔