پاک بحریہ نے یومِ پاکستان روایتی جوش و جذبے کے ساتھ منایا

پاک بحریہ نے یومِ پاکستان روایتی جوش و جذبے کے ساتھ منایا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاک بحریہ نے یومِ پاکستان روایتی جوش و جذبے کے ساتھ منایا ۔ یہ دن پاکستانی قوم کو ان عظیم اورلافانی قربانیوں کی یاد دہانی کے لیے منایا جاتا ہے جن کی بنیاد پر پاکستان کا قیام عمل میں آیا۔ اس دن مسلمانانِ بر صغیر نے ایک علیحدہ وطن کے مطالبے کی قرارداد متفقہ طور پرمنظور کی تاکہ وہ برِ صغیر میں مسلمانوں کے حقوق کا تحفظ کرسکیں۔یومِ پاکستان کا آغاز توپوں کی سلامی اور مساجد میں وطن عزیز کی سا لمیت اور استحکام کے لیے خصوصی دعاؤں کے ساتھ ہوا۔ پاک بحریہ کے تمام جہازوں اور یونٹس پر چراغاں کیا گیا اور کمانڈنگ آفیسرزنے افسران و جوانوں کے خصوصی اجتماعات سے خطاب کے دوران اس دن کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ یوم پاکستان کی سب سے اہم تقریب مسلح افواج کی مشترکہ پریڈ تھی جو اسلام آباد کے شکرپڑیاں پریڈ گراؤنڈمیں منعقد ہوئی۔ سفید مصفاروایتی وردی میں ملبوس پاک بحریہ کا چاق و چوبند دستہ بھی اس تقریب کا اہم حصہ تھا جس کی قیادت کمانڈرمحمد شاہد اقبال کر رہے تھے ۔ پاک بحریہ کی لیڈی آفیسرز، اسپیشل سروس گروپ (نیوی) اور پاک بحریہ کا میوزیکل بینڈمسلح افواج کے مشترکہ دستوں میں شامل تھے۔ پاکستان نیوی کے ائیر کرافٹP3Cاورین ، Z9ECنے بھی اس پروقارپریڈ کے دوران فلائی پاسٹ میں حصہ لیا۔ علاوہ ازیں، اس موقع پرپاک بحریہ کے تعلیمی اداروں کے طلباوطالبات نے قومی اور حب الوطنی کے ترانے گائے۔پاکستان نیوی کے کیپٹن شرجیل افتخار P3Cفارمیشن فلائی پاسٹ کی قیادت کررہے تھے۔ P3Cلانگ رینج میری ٹائم پٹرول ائیر کرافٹ ہے جسے عرفِ عام میں ’فلائنگ ڈسٹرائیر ز ‘ بھی کہا جاتا ہے۔یہ ہوائی جہاز اینٹی سرفیس میزائلز، اینٹی سب میرین ٹارپیڈوز، ڈیپتھ چارجز، بموں اور بارودی سرنگوں سے لیس ہیں۔ حالیہ پاکستان اور بھارت کشیدگی کے دوران پاکستان نیوی کے ائیر کرافٹ P3C نے بھارتی آبدوز کا سراغ لگایا اور اسے پاکستانی پانیوں میں داخل ہونے سے روک دیا۔پاک بحریہ کی سی ایگل ٹیم جس کی قیادت پاک بحریہ کے کیپٹن عمران رانا کر رہے تھے اور اسپیشل سروس گروپ (نیوی) بھی مسلح افواج کی اسکائی ڈائیونگ ٹیم کا حصہ تھی۔ اس ٹیم نے فری فال جمپنگ کی مختلف تکنیک کا مظاہرہ کیا جس میں پیچیدہ مہارتیں اور مکمل درستگی کے ساتھ مقررہ مقام پر اُترنا شامل تھا۔دیگر سرگرمیوں کے علاوہ، ایوان صدر میں ایک پروقار تقریب کا بھی اہتمام کیا گیا جس میں پاک بحریہ کے6 ریئرایڈمرل کو ہلال امتیاز ملٹری سے نوازا گیا۔صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے ریئر ایڈمرل زین ذولفقار، ریئرایڈمرل فیصل رسول لودھی، ریئرایڈمرل زاہد الیاس، ریئرایڈمرل سید اسد کریم، ریئرایڈمرل محمد زبیر شفیق اور ریئرایڈمرل محمد شفیق کو ہلال امتیاز ملٹری سے نوازا۔مزید براں، پاک بحریہ کے 2 سیلرز محمد اسلم MGT-Iاور مرزا شاہد زیب CDT-I کو ستارہ بسالت سے نوازا گیا۔پاک بحریہ کی خصوصی ٹیلی فلم لعل بھی اس موقع پر الیکٹرانک میڈیا پر نشر کی گئی جس میں حب الوطنی کے جذبے کو اجاگر کیا گیا اور قوم پرستی کو بحری جنگجوؤں کی حتمی ترجیح کے طور پر پیش کیا گیا۔