ہسپتالوں میں جان بچانے کیلئے ’’اپرام‘‘ کا سپلائی کردہ انجکشن غیر معیاری ہونے کا انکشاف

ہسپتالوں میں جان بچانے کیلئے ’’اپرام‘‘ کا سپلائی کردہ انجکشن غیر معیاری ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور (جاوید اقبال )صوبائی دارالحکومت سمیت پنجاب کے متعدد شہروں کے ہسپتالوں میں زندگی بچانے کیلئے ’’ اپرام‘‘کے سپلائی کردہ اینٹی بائیوٹک انجکشن cilipenem غیر معیاری ہونے کا انکشاف ،غیر معیاری ادویات ثابت ہونے کے باوجود مذکورہ کمپنیوں کو دوبارہ ٹینڈر جاری کردیئے گئے ،بعض کمپنیوں کی مہنگی ترین اینٹی بائیوٹکس ناقص ثابت ہونے پر میڈیکل سٹوروں میں پڑی ہیں اور غیر معیاری ادویات لوکل پرچیز میں بھی حاصل کی جارہی ہے جس سے مریضوں کی زندگیوں کو خطرات لاحق ہوگئے۔ سروسز ہسپتال لاہور میںipram اپرام فارماسوٹیکل کمپنی کے فراہم کردہ مہنگے ترین اینٹی بائیوٹکس انجکشن ناقص ثابت ہوگئے۔اس حوالے سے ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری لاہور نے اپنی رپورٹ جاری کردی ۔ رپورٹ میں روات اسلام آباد سے تعلق رکھنے والی ipram فارما کی طرف سے سپلائی کردہ مہنگی ترین اینٹی بائیوٹکس cilipenem کے انجکشن کو غیر معیاری قرار دیا گیا ،اس انجکشن کی قیمت2 ہزار روپے ہے، اس انجکشن میں meropenem نام کا کیمیکل استعمال ہوتا ہے۔ 2017 میں سروسز ہسپتال میں اپرام فارما نے 10 ہزار انجکشن سپلائی کرنے کا ٹھیکہ لیا جس کے تحت ابتداء میں2ہزار انجکشن سپلائی ہوئے، ہسپتال انتظامیہ نے سیمپل تجزیہ کیلئے ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری بھجوا دئے۔ لیبار ٹری نے انجکشن کو غیر معیاری قراردیا، جس پرDtl نے اپنی رپورٹ میڈیکل سپریٹنڈنٹ کو بھجوا دی، اس وقت کے ایم ایس نے اپرام کمپنی کے خلاف کارروائی کے بجائے 2018 میں مزید 10ہزار سے زائد cilipenem انجکشن اپرام فارما سے خریدنے کا آرڈردیدیا ،ذرائع کے مطابق دوبارہ سپلائی کردہ انجکشن کو Physical inspection میں ناقابل استعمال قرار دیا جس کے باعث انجکشن سٹور میں پڑے رہے۔ ذرائع کا دعویٰ ہے کہ2019 کیلئے بھی ٹینڈر کا قرعہ اپرام فارما کے نام نکلا ہے اور اسے دوبارہ cilipenem انجکشن خریدنے کا آرڈر دیا جا رہا ہے۔ اس حوالے سے ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ اپرام فارما کو بلیک لسٹ قرار دے کرہسپتالوں کو سپلائی کردہ انجکشن استعمال کرنے سے روک دیا جائے۔وائی ڈی اے رہنماؤں نے وزیراعلی پنجاب اور وزیر صحت سے فوری ایکشن لینے کا مطالبہ بھی کیا۔ اس حوالے سے اپرام فارما کے چیف ایگزیکٹو چودھری پرویز وڑائچ سے بات کی گئی تو انہوں نے کہا کہ اگر انجکشن کے سمپل فیل ہو گئے ہیں تو یہ بڑی بات نہیں، ہم اس رپورٹ کو اسلام آباد میں چیلنج کریں گے جبکہ دنیا میں کسی دوائی کے سیمپل فیل ہوجائیں اور وہ غیر معیاری قرار پا جائے تو کمپنی ہرگز بند نہیں ہوتی بلکہ اس کی اصلاح کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے تین مرتبہ کم قیمت پر ٹینڈر حاصل کیا ، شیخ زید اور شوکت خانم سمیت کئی ہسپتالوں میں یہی انجکشن سپلائی کر رہے ہیں لیکن سروسز سمیت چند دیگر ہسپتالوں میں مذکورہ انجکشن کے سیمپل فیل ہوئے جسے ہم بڑے فورم پر چیلنج کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں ۔
انجکشن/ غیر معیاری