یہ پاکستانی ویٹر چند دنوں میں پوری دنیا میں کیسے مشہور ہو گیا؟ آپ بھی جانیے
راولپنڈی (مانیٹرنگ ڈیسک) معروف ایچ بی او سیریز گیم آف تھرونز کا کردار ٹیرین لینسٹر بہت معروف ہوا جو اداکار پیٹر ڈنکلیج نے نبھایا تھا۔ کچھ عرصہ قبل بالی ووڈ کے فلم ساز امتیاز علی نے کشمیر سے ایک نوجوان کو ڈھونڈ نکالا جو ہو بہو پیٹر ڈنکلیج کا ہم شکل تھا اور اب اس کا ایک ہم شکل پاکستان میں بھی سامنے آ گیا ہے۔ پیٹر ڈنکلیج کے اس پاکستانی ہم شکل کا نام روزی خان ہے جو روالپنڈی میں واقع ایک چھوٹے سے کشمیری ہوٹل پر ویٹر کی نوکری کرتا ہے، تاہم پیٹر کا ہم شکل ہونے کی وجہ سے وہ دنیا بھر میں مشہور ہو چکا ہے۔
روزی خان نہ تو پیٹر ڈنکلیج کے بارے میں کچھ جانتا ہے اور نہ ہی اس نے گیم آف تھرونز کا کبھی نام سناہے۔ اسے اس وقت پتا چلا کہ وہ کسی انگریز اداکار کا ہم شکل ہے جب لوگ بڑی تعداد میں اس کے ساتھ سیلفی لینے کی فرمائش کرنے لگے۔ 25سالہ روزی خان کا کہنا ہے کہ ”پہلے کوئی مجھے پوچھتا تک نہ تھا لیکن اب میں ہر کسی کی توجہ کا مرکز رہتا ہوں۔ مجھے یہ صورتحال بہت اچھی لگتی ہے جب لوگ میرے پاس آتے ہیں اور اپنے ساتھ ایک تصویر بنوانے کی درخواست کرتے ہیں۔ “روزی خان کا کہنا ہے کہ وہ اب پیٹر ڈنکلیج سے ملنا چاہتا ہے کیونکہ اسے یہ تمام شہرت پیٹر کی وجہ سے ہی ملی ہے۔