سلمان غنی نے حکومت کیخلاف تحر یک شروع ہونے سے متعلق اہم پیشگوئی کردی
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) تجزیہ کار سلمان غنی نے کہاہے کہ نہ حکومت کچھ ڈلیور کررہی ہے اور نہ اپوزیشن عوامی مسائل کا حل بتا رہی ہے ، اکتوبر یانومبر میں کوئی تحریک اٹھ سکتی ہے ، ابھی اپوزیشن میں اتنا دم خم نہیں کہ وہ لوگوں کو باہرنکال سکے ۔
دنیانیوز کے پروگرام ”تھنک ٹینک“میں گفتگو کرتے ہوئے سلمان غنی نے کہا کہ پاکستان کے آئین میں اقلیتوں کے حقوق کی گارنٹی دی گئی ہے لیکن ہمارا مسئلہ انصاف کی عدم فراہمی ہے ، سندھ سے جو بچیاں اغوا ہوئی ہیں ، وہ عدالت میں پیش ہوگئی ہیں، اس پرانصاف کے تقاضے پورے کرنے چاہئے ، انڈیا کی وزیر خارجہ نے کہا اورہم سب حرکت میں آگئے ۔
انہوں نے کہا کہ وڈیرے یہ کام کرتے رہتے ہیں ، وہ خود ہی اغواءکرتے ہیں اور پھر خود ہی انصاف دیتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ کسی احتجاج اورتحریک کا ایک وقت ہوتاہے ،اس وقت اس قسم کا وقت نہیں ہے ، اپوزیشن لوگوں کی آواز بنتی ہے اور لوگوں کے مسائل اجاگر کئے جاتے ہیں، تحریکیں لوگوں کے مسائل پر چلتی ہیں لیکن بدقسمتی سے اس بات کا احساس نہ حکومت کوہے اورنہ اپوزیشن کو ہے ۔اس وقت مایوسی کیفیت ہے ، نہ حکومت کچھ ڈلیور کررہی ہے اور نہ اپوزیشن عوامی مسائل کا حل نکال رہی ہے ، اکتوبر یانومبر میں کوئی تحریک اٹھ سکتی ہے ، ابھی اپوزیشن میں اتنا دم خم نہیں کہ وہ لوگوں کو باہرنکال سکے ۔