پیپلز پارٹی کے سینیٹر عاجزدھامرہ کا لیاقت جتوئی کے حوالے سے حکومت پر الزام
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) پیپلز پارٹی کے سینیٹر عاجزدھامرہ نے کہاہے کہ تحریک انصاف کے نیب زدہ لوگ سرکاری اجلاسوں میں بیٹھتے ہیں،تحریک انصاف کے لیاقت جتوئی کا نام بھی ای سی ایل میں شامل تھا لیکن اس وقت وہ ملک سے باہربیٹھے ہیں۔
دنیا نیوز کے پروگرام ”سوال عوام کا“ میں گفتگو کرتے ہوئے عاجز دھامرہ نے کہا کہ ہمارے اوپر کسی کیس میں سزا نہیں ہوئی لیکن ہم لوگ چور اور ڈاکو ہیں ، تحریک انصاف کے نیب زدہ لوگ سرکاری اجلاسوں میں بیٹھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بریگیڈیئر(ر) اسد منیر کی خود کشی نے نیب پر سوالیہ نشان لگا دیا ہے ، تحریک انصاف کے لیاقت جتوئی کا نام بھی ای سی ایل میں شامل تھا لیکن اس وقت وہ ملک سے باہربیٹھے ہیں لیکن یہ اس لئے ہے کہ وہ تحریک انصاف کے رہنما ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت ہرروز اپوزیشن کوچور اور ڈاکوکہتی ہے ، ہمارے دو ر میں بھی حج کے وزیر جیل میں گئے اور باعزت بری بھی ہوئے ۔