مستحقین کو انکی دہلیز پر راشن پہنچانے کی حکمت عملی تیار

مستحقین کو انکی دہلیز پر راشن پہنچانے کی حکمت عملی تیار

  



بہاول پور(بیورورپورٹ‘ڈسٹرکٹ رپورٹر) حکومت پنجاب کی جانب سے کورونا وائرس سے تحفظ کے لئے مربوط حکمت عملی کے تحت تمام تر احتیاطی تدابیر اختیار کی جا رہی ہیں۔ضرورت اس امر کی ہے کہ عوام الناس بحیثیت ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں اور کورونا وائرس سے تحفظ کے لئے حفاظتی اقدامات پر عمل کرتے ہوئے گھروں میں مقیم رہیں۔ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر خوراک پنجاب سمیع اللہ چوہدری نے ممکنہ کورونا وائرس کے سد باب کے حوالہ (بقیہ نمبر43صفحہ12پر)

سے منعقدہ جائزہ اجلاس میں ڈویژنل انتظامیہ کی جانب سے اٹھائے گئے حفاظتی اقدامات بارے بریفنگ لیتے ہوئے کیا۔اجلاس میں کمشنر بہاول پور ڈویژن آصف اقبال چوہدری،ریجنل پولیس آفیسر بہاول پورفیاض احمد دیو، ڈپٹی کمشنر بہاول پورشوذب سعید،ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر بہاول پور صہیب اشرف،صدر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری بہاول پور جاوید اقبال چوہدری، سینئر نائب صدر احمد بلال، چوہدری عبد الجبار، ملک اعجاز ناظم اور رہنما جے آئی سید ذیشان اخترسمیت پاکستان تحریک انصاف کے رہنما قیوم اعظم خان اور طاہر محمود جانبازموجود تھے۔صوبائی وزیر خوراک سمیع اللہ چوہدری نے اپیل کی کہ مزدور طبقہ اور غریب افراد کی مدد کے لئے حکومت کے ساتھ مخیر حضرات بھی آگے بڑھیں۔انہوں نے ہدایت کی کہ کورونا وائرس سے تحفظ کے لئے نوجوان کھیل کے میدانوں میں جانے سے اجتناب برتیں۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ حالیہ دنوں میں بیرون ممالک سے آنے والے تمام افراد کی میڈیکل سکریننگ لازمی کی جائے گی۔نیزمکمل لاک ڈاؤن کی صورت میں چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری بہاول پور، سول سوسائٹی، انجمن تاجران اور انتظامیہ کے باہمی اشتراک سے انفرادی و اجتماعی سطح پر مستحقین کو ان کی دہلیز پر راشن پہنچانے کا بندوبست کیا جائے گا۔ کمشنر بہاول پور ڈویژن آصف اقبال چوہدری نے دوران اجلاس بریفنگ دیتے ہوئے بتایاکہ ممکنہ کورونا وائرس سے تحفظ کے لئے بہاول پور ڈویژن کے تمام بس اڈے، ریلوے اسٹیشن، ہسپتالوں اور ہیلتھ مراکز کو جراثیم کش ادویات سے دھویا گیا ہے۔کمشنر بہاول پور نے بتایا کہ کوروناوائرس سے تحفظ کے لئے ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے وضع کردہ قواعد کو سختی سے نافذ العمل کیا گیا ہے۔ نیز بنیادی مرکز صحت جھانگی والا میں گریڈ فور لیول کی سیفٹی لیب فوری طور پر قائم کی جائے گی۔ کمشنر بہاول پور ڈویژن آصف اقبال چوہدری نے مزید کہا کہ زائرین کی آمد سے قبل بہاول پور ڈویژن میں تمام ممکنہ حفاظتی اقدامات مکمل کر لئے گئے ہیں اورسول ہسپتال میں کورونا کے ممکنہ مریضوں کے علاج معالجہ کے لئے تمام طبی سہولیات کو ممکن بنایا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ قرنطینہ میں 14دن تک احتیاطی تدابیر کے لئے رکھے جانے والے افراد کے گھر پر راشن پہنچایا جائے گا۔ کمشنر بہاول پور نے عوام الناس سے اپیل کی کہ بزرگوں اور بچوں کو مسجد کی بجائے گھر پر نماز ادا کرنے کی تلقین کریں۔دریں اثناء ریجنل پولیس آفیسر بہاول پور فیاض احمد دیونے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ حالیہ دنوں میں بیرون ممالک سے آنے والے افراد کی میڈیکل سکریننگ کے لئے پولیس محکمہ صحت کی مکمل معاونت کرے گی۔انہوں نے تنبیہ کی کہ بچوں اور نوجوانوں کے لئے باہر کھیلنے یا اکٹھاہونے کی مکمل طور پر ممانعت ہے۔صدر چیمبر آف کامرس جاوید اقبال چوہدری نے بتایا کہ مخیر اداروں، چیمبر آف کامرس اور بزنس کمیونٹی کے تعاون سے مستحق افراد میں راشن تقسیم کرنے کے لئے مربوط حکمت عملی اپنائی جائے گی۔

حکمت عملی

مزید : ملتان صفحہ آخر