جنرل ہسپتال میں کرونا وائرس سے مشتبہ مریضوں کیلئے الگ آپریشن تھیٹر ز مختص

جنرل ہسپتال میں کرونا وائرس سے مشتبہ مریضوں کیلئے الگ آپریشن تھیٹر ز مختص

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور (جنرل رپورٹر) جنرل ہسپتال میں کورونا وائرس سے مشتبہ مریضوں کے لئے الگ آپریشن تھیٹرز مختص کر دئیے گئے ہیں تاکہ کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں کرونا وائرس میں مبتلامریضوں کی بلا تاخیر سر جری کی جا سکے اور انہیں انتظا ر کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ اس امر کا اظہار پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ پروفیسر محمد الفرید ظفر نے جنرل ہسپتال میں ڈاکٹروں میں کورونا وائرس سے حفاظتی کٹس "پرسنل پروٹیکٹو اکوئپمنٹ "کی تقسیم پر گفتگو کرتے ہوئے کیا اور طبی عملے کو یقین دلایا کہ حکومت پنجاب کے احکامات کی روشنی میں روزانہ کی بنیاد پر پی پی ای، گاؤن، ماسک، ڈسپوزایبل کٹس، کیپ اور حفاظتی عینکیں فراہم کی جائیں گی۔ اس موقع پر ایم ایس ڈاکٹر محمود صلاح الدین،ڈاکٹر رانا محمد شفیق،ڈاکٹر عرفان ملک اور دیگر ڈاکٹرز بھی موجود تھے۔ پرنسپل پروفیسر محمد الفرید ظفر نے ایمرجنسی کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا اور بہترین انتظامات پر ڈائریکٹر ایمرجنسی، ان کی ٹیم اور آن ڈیوٹی ڈی ایم ایس ڈاکٹر سائرہ اخلاق کو شاباش دی۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج نے کہا کہ حادثات کا شکار افراد اور گائنی کے مرض میں مبتلا خواتین کو فوری آپریشن کی ضرورت ہوتی ہے کیونکہ موجودہ صورتحال میں ایسے مریضوں میں بھی کورونا وائرس کی علامات ہو سکتی ہیں۔بعدازاں پرنسپل پروفیسر الفرید ظفر نے جنرل ہسپتال میں کورونا وائرس کی معلومات کے حوالے سے قائم ہیلپ لائن پرمختلف شہروں سے تعلق رکھنے والے افراد کی کالزموصول کیں۔