حکومت ہر لمحے بدلتی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے،ہمایوں اختر

حکومت ہر لمحے بدلتی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے،ہمایوں اختر

  



لاہور(نمائندہ خصوصی)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ حکومت کورونا وائرس کے حوالے سے ہر لمحے بدلتی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔ اس وقت حکومت کی اولین ترجیح ملک میں کسی بھی طرح کی غیر یقینی کی صورتحال اور افرا تفری کو روکنا ہے۔ مشکل کی اس گھڑی میں تمام ریاستی ادارے اپنا بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں جو قابل تحسین ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے پاکستان کے زمینی حقائق کو پیش نظر رکھتے ہوئے مکمل لاک ڈاؤ ن نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور ان کے فیصلے کو عوام کی جانب سے سراہا جارہا ہے تاہم اس کے باوجود حکومت ہر لمحے بدلتی صورتحال پر نہ صرف گہری نظر رکھے ہوئے ہیں بلکہ اس کے ساتھ ساتھ پیشگی تیاریاں بھی کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں حکومت کی ترجیح وہ طبقات ہیں جو کورونا وائرس کی وجہ سے معاشی طور پر متاثر ہوئے ہیں اور ان کی ہر ممکن مدد کے لئے عملی اقدامات اٹھائے جارہے ہیں،نجی شعبہ بھی ایسے طبقات کی مدد کے لئے سامنے آیا ہے جو قابل ستائش ہے اور یہی زندہ قوموں کی نشانی ہوتی ہے۔ ہمایوں اختر خان نے کہا کہ حکومت تمام صوبوں سے مربوط رابطہ رکھے ہوئے ہے او ران کی ہر طرح سے معاونت کی جارہی ہے،اگر ہم نے مشکل وقت سے نجات حاصل کرنی ہے تو ہمیں مضبوط اتحاد کا اظہار کرنا ہوگا۔ عوام سے اپیل ہے کہ وہ اس وبا کو شکست دینے کے لئے اپنے گھروں تک محدود رہیں اور حفاظتی تدابیر پر سختی سے عمل پیرا ہوں۔

مزید : میٹروپولیٹن 1