زرعی منڈیوں سے پھلوں اور سبزیوں کی فراہمی جاری رہے گی: محکمہ زراعت

زرعی منڈیوں سے پھلوں اور سبزیوں کی فراہمی جاری رہے گی: محکمہ زراعت

  



لاہور(کامرس ڈیسک) وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایات کے مطابق محکمہ زراعت کسی بھی ایمرجنسی صورتحال میں زرعی منڈیوں سے پھلوں اور سبزیوں کی فراہمی یقینی بنائے گا۔کسی بھی ہنگامی صورتحال میں بلا تعطل زرعی منڈیوں سے فراہمی جاری رہے گی یہ بات سیکرٹری زراعت پنجاب واصف خورشید نے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں اسپشل سیکرٹری زراعت (مارکیٹنگ)پنجاب وقار حسین،ڈائریکٹر جنرل زراعت (توسیع)ڈاکٹر انجم علی،چیف پلاننگ اینڈ ایلیویشن سیل رانا محمود،ڈائریکٹر پیام محمد اجمل اور ڈائریکٹر مارکیٹنگ (ای اینڈ ایم) لیاقت علی رضا سمیت دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔سیکرٹری زراعت پنجاب نے مزید کہا کہ کرونا وائرس کی صورتحال میں زرعی منڈیاں معمول پر مقرر کردہ احتیاطی تدابیرکے مطابق اپنا کام سرانجام دیں گی اور اس سلسلے میں تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں اور اس سلسلے میں اشیائے ضروریہ مثلاً پھل، سبزیات اور دالوں وغیرہ کی عوام کو معمول کے مطابق فراہمی جاری رہے گی۔ سیکرٹری زراعت پنجاب واصف خورشیدنے مزید کہا کہ محکمہ زراعت پنجاب نے زرعی منڈیوں میں عوام النّاس کی آگاہی کیلئے کرونا وائرس سے احتیاطی تدابیر بارے بینرز،فلیکسیز وغیرہ بھی آویزاں کئے ہیں تاکہ زرعی منڈیوں میں آنے والے افراد ان پر عمل کر سکیں۔مزید براں زرعی منڈیوں میں صفائی ستھرائی کے انتظامات بھی کئے گئے ہیں۔حاضر ڈیوٹی عملہ اور عوام کو ہاتھ دھونے کیلئے صاف پانی،صابن اور دیگر اشیاء بھی مہیا کی گئی ہیں۔

زرعی منڈیوں میں متعین عملے کو ان جاری کردہ ایس او پی ایز پر کاربند رہنے کی ہدایات بھی کیں اور عوام النّاس سے بھی اپیل کی جاتی ہے کہ وہ ان احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد کریں۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ جہاں ضروری ہوا وہاں محکمہ صحت کی خدمات بھی لی جائیں گی۔

مزید : کامرس