انڈسٹری کیلئے بجلی کا یکساں نرخ مقرر کیا جائے: سید محمود غزنوی

انڈسٹری کیلئے بجلی کا یکساں نرخ مقرر کیا جائے: سید محمود غزنوی

  



لاہور(کامرس ڈیسک) لاہور چیمبر کے سابق نائب صدر اور کٹار بند روڈ انڈسٹریل ایسوسی ایشن کے چیئرمین سید محمود غزنوی نے حکومت پر زور دیا ہے کہ تمام انڈسٹریز کے لیے بجلی کے ریٹ یکساں مقرر کرکے انہیں ریلیف مہیا کرے۔ ایسوسی ایشن کے سینئر نائب صدر میاں محمد نواز اورجنرل سیکریٹری محمد یوسف کے ہمراہ ایسوسی ایشن کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سید محمود غزنوی نے کہا کہ ٹیکسٹائل کو 7.5سینٹ فی یونٹ کے حساب سے بجلی مہیا کی جارہی ہے، ساری انڈسٹری کو یہی ٹیرف دینا چاہیے تاکہ اس کی پیداواری لاگت میں کمی آئے جس کی وجہ سے ملکی مصنوعات عالمی منڈی میں جگہ برقرار رکھنے کے لیے جدوجہد کررہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چونکہ بجلی صنعتوں کے لیے اہم خام مال کا درجہ رکھتی ہے لہذا ملکی مصنوعات مقابلے کی دوڑ سے بالکل ہی باہر ہوجائیں گی۔ ملک پہلے ہی زیادہ پیداواری لاگت کی وجہ سے عالمی مارکیٹ کا بہت چین، بنگلہ دیش اور انڈیا کے ہاتھوں کھوچکا ہے۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ حکومت حالات کا ادراک کرتے ہوئے تمام انڈسٹری کے لیے بجلی کا یکساں ٹیرف مقرر کرے گی۔ سید محمود غزنوی نے کہا کہ حال ہی میں سٹیٹ بینک آف پاکستان نے مارک اپ کی شرح میں 0.75کمی کی ہے جو ایک مذاق کے مترادف ہے۔ مارک اپ میں چار سے پانچ فیصد کمی کرکے ہی انڈسٹری کو ریلیف مہیا کیا جاسکتا ہے۔

مزید : کامرس