کرونا وائرس پر قابو پانے کیلئے پاک فوج قوم کے شانہ بشانہ کھڑی ہے: میجر جنرل بابر افتخار

  کرونا وائرس پر قابو پانے کیلئے پاک فوج قوم کے شانہ بشانہ کھڑی ہے: میجر جنرل ...

  



راولپنڈی(سٹاف رپورٹر)پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے سربراہ میجر جنرل بابر افتخار نے کہا ہے کہ حکومت نے آئین کے آرٹیکل 245کے تحت افواجِ پاکستان کو سول انتظامیہ کی مدد کیلئے طلب کیا ہے پاکستان کو کرونا وائرس کے شدید چیلنج کے پیش نظر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سول انتظامیہ کی مدد کے لیے تمام دستیاب اہلکاروں اور طبی وسائل کو فراہم کرنے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔ کرونا وائرس کے خطرات پر قابو پانے کیلئے پاک فوج قوم کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، ان حالات میں عوام کا ریاست پر اعتماد ہی اس صورتحال سے نکلنے میں مدد دے سکتا ہے،قومیں چیلنجز کا مقابلہ کر کے ہی آگے بڑھتی ہیں،وفاق اور صوبائی حکومتوں کے اقدامات کے تحت صرف ہسپتال،کھانے پینے کی اشیا اور میڈیکل سامان تیار کرنے والی فیکٹریاں اور میڈیکل سٹورز کھلیں رہیں گے۔ تمام سکولز، ہر قسم کے اجتماع پر پابندی ہو گی۔ تمام قسم کے مالز، ریسٹورنٹ، سینماز، شادی ہال، سوئمنگ پولز اور غیر ضروری نقل وحرکت پر پابندی ہو گی۔ انٹر سٹی ٹرانسپورٹ صرف فوڈسپلائی کیلئے استعمال کی جائے گی،شہر وں کے اندر ہر قسم کی پبلک ٹرانسپورٹ بند ہو گی۔ تمام ائیر پورٹس انٹرنیشنل فلائٹیس کے لیے 4اپریل تک بند رہیں گے۔ صوبائی حکومتوں کے پٹرول پمپس اور منڈیاں صرف مقرر کردہ ایام میں ہی کھلیں گی23 مارچ ان سب اِکابرین کو خراجِ تحسین پیش کرنے اور یاد کرنے کا دِن ہے، ایک آزاد وطن اور دو قومی نظریے کے لئے، جس کی سچائی آج بھی سب پر عیاں ہو رہی ہے، ایک بار پھر ان اکابرین کے وارثوں کو کرونا وائرس کی شکل میں ایک نیا چیلنج درپیش ہے،23 مارچ کا دن کشمیری بہن بھائیوں کو بھی یاد کر نے کا دن ہے۔ جو بدترین ریاستی دہشت گردی اور اس قدرتی آفت کے مقابلے میں بے یارو مددگار ہو نے کے باوجوداپنے حق خود ارادیت کے لئے مزاحمت کی مثال بنے ہوئے ہیں مقبوضہ کشمیر کے عوام انشا اللہ اس جدوجہد میں ضرور کامیاب ہو نگے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ افواج پاکستان اپنی ذمہ داریوں سے بخوبی آگاہ ہیں اور اس سلسلے میں ہر کوشش اور تمام وسائل بروئے کار لائیں گے۔میجر جنرل بابر افتخار نے کہا کہ اتوار کی شام ایک خصوصی کو ر کمانڈرز کانفرنس میں کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے افواجِ پاکستان کی سول اداروں کی امداد کے لیے تیاری اور ایکشن پلان کا جائزہ لیا گیا تھا۔ میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کرونا وائرس کی شکل میں ایک آفت نے پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے۔حتی کہ ترقی یافتہ ترین ممالک بھی کرونا وائرس کے سامنے بے بس نظر آ رہے ہیں۔

میجر جنرل بابر افتخار

مزید : صفحہ اول