اپوزیشن سمیت حکومتی اتحادیوں کو کرونا معاملے پر آل پارٹیز کانفرنس بلانے پر اتفاق

    اپوزیشن سمیت حکومتی اتحادیوں کو کرونا معاملے پر آل پارٹیز کانفرنس بلانے ...

  



اسلام آباد/لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک،این این آئی،جنرل رپورٹر)اپوزیشن سمیت حکومتی اتحادیوں کا کرونا معاملے پر آل پارٹیز کانفرنس بلانے پر اتفاق،مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف اور پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کرونا وائرس کے تدارک اور اس سے بچاؤ کیلئے کل جماعتی کانفرنس (اے پی سی) بلانے پر اتفاق کیا ہے۔ترجمان پیپلز پارٹی کے مطابق بلاول بھٹو زرداری نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو فون کیا اور کرونا وائرس کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ترجمان کے مطابق بلاول بھٹواور شہباز شریف نے کرونا وائرس سے مقابلے کیلئے قومی یکجہتی اور اے پی سی بلانے پر بھی اتفاق کیا۔اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ کرونا وائرس کے حوالے سے اے پی سی کل ہی ہونی چاہیے۔ترجمان پیپلز پارٹی کے مطابق بلاول بھٹو زرداری نے اس کے علاوہ جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان، مسلم لیگ (ق) کے رہنما چوہدری پرویز الٰہی اور بلوچستان نیشنل پارٹی (مینگل) کے رہنما سردار اختر مینگل سے بھی ٹیلیفونک رابطہ کیا اور تمام رہنماؤں نے اے پی سی کی حمایت کی۔ودسری جانب مسلم لیگ (ن)کے صدر شہبازشریف نے بھی مولانا فضل الرحمن اور اسفند یار ولی سے مشاورت کی،انہوں نے موجودہ صورتحال میں آل پارٹیزویڈیوکانفرنس بلانے کی حمایت کردی، مولانا فضل الرحمن اور اسفندیار ولی نے شہبازشریف کے اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ فوری اور بروقت فیصلوں سے قوم کی جان بچائی جائے۔علاوہ ازیں بلاول بھٹو زرداری کا کہناتھا کہ کروناوائرس کامقابلہ کسی ایک حکومت کے بس کی بات نہیں، تمام سیاسی جماعتوں اور اداروں کو یکجا ہونا پڑے گا۔اس سے قبل ایک ٹوئٹ میں بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ہم اس وباسے نمٹنے کیلیے ایک قومی لائحہ عمل بنانا چاہتے ہیں اور اے پی سی میں تمام جماعتوں اور فریقین کو کورونا سے نمٹنے کے لیے ایک صفحے پر لانا چاہتے ہیں۔پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے چار اہم کمیٹیاں بنادیں،کرونا وائرس کے حوالے سے اقتصادی، آگاہی اور ریلیف کی سرگرمیوں کے حوالے سے کمیٹیاں بنائی گئی ہیں،کرونا وائرس پر قومی بیانئے کی تشکیل کیلئے مختلف سیاسی جماعتوں سے رابطوں کے لئے بھی ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے،کمیٹیوں کی تشکیل کا فیصلہ پاکستان پیپلزپارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں ہوا،کرونا وائرس اور لاک ڈاؤن سے پیدا ہونے والے مسائل اور ان کے حل پر پی پی پی کی اقتصادی کمیٹی کام کرے گی،پی پی پی اقتصادی کمیٹی میں سید نوید قمر، میاں رضا ربانی، چوہدری منظور اور شازیہ مری جبکہ پی پی پی کی کرونا وائرس سے آگاہی پھیلانے کی کمیٹی میں شیری رحمان، نفیسہ شاہ، مصطفی نواز کھوکھر، فیصل کنڈی اور ناصر شاہ شامل ہیں،پی پی پی کی امدادی سرگرمیوں کے حوالے سے کمیٹی میں نیربخاری، سلیم مانڈوی والا، چوہدری یاسین، تاج حیدر اور اسلام الدین شیخ جبکہ آل پارٹیز کانفرنس بلانے کے حوالے سے پی پی پی کی کمیٹی میں فرحت اللہ بابر، راجہ پرویزاشرف اور قمرزمان کائرہ شامل ہیں۔علاوہ ازیں بلاول بھٹو زرداری نے کورونا کے خلاف جنگ لڑنے پر ڈاکٹر اسامہ رضاشہید کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ ڈاکٹر اسامہ رضا شہید گلگت بلتستان میں کرونا متاثرین کا علاج کر رہے تھے۔ ایک بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ بلاول بھٹو زرداری کا شہید اسامہ رضا کے خاندان سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔ بلاول بھٹو زر داری نے کہاکہ ڈاکٹر اسامہ رضا نے مسیحا کا کردار ادا کرتے ہوئے شہادت پائی،کرونا سے جنگ لڑنے والے ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل سٹاف کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

اتفاق

مزید : صفحہ اول