موجودہ بحران میں معیشت چلانے کیلئے تمام اقدامات کررہے ہیں، حفیظ شیخ

  موجودہ بحران میں معیشت چلانے کیلئے تمام اقدامات کررہے ہیں، حفیظ شیخ

  



اسلام آباد(آن لائن)وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ و محصولات ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے کہا کہ تاجر برادری اور عوام کو سہولیات فراہم کرنے میں پرعزم ہیں،حکومت موجودہ بحران میں معیشت کو چلانے کے لئے تمام ضروری اقدامات کر رہی ہے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز گورنرسندھ عمران اسماعیل اورکراچی کی بزنس کمیونٹی سے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے اجلاس میں کیا، ان کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں آئندہ دو تین مہینوں تک یومیہ اجرت پر کام کرنے والے کارکنوں کا خیال رکھنا ہو گا،حکومت کورونا وائرس کو محدود کرنا چاہتی ہے اس کے ساتھ عوام کو صحت عامہ کی سہولیات، مناسب قیمت پر ضروری اشیا خورد و نوش کی فراہمی اور تاجر برادری کو معاونت فراہم کرنا چاہتی ہے تاکہ اس بحرانی دور میں عوام کے پاس مناسب نقد رقم اور تاجر برادری کو کاروبار چلانے میں آسانی ہو، گورنر سندھ نے اجلاس میں بتایا کہ یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن کے تعاون سے اشیا خوراک پر مشتمل تھیلے تیار کئے گئے ہیں جسے ضرورتمندوں میں تقسیم کیا جائے گا۔

حفیظ شیخ

مزید : پشاورصفحہ آخر