جامعہ دارالعلوم حقانیہ قرنطینہ عوامی خدمت کیلئے پیش، حامد الحق حقانی
اکوڑہ خٹک(این این آئی) جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ،دفاع پاکستان کونسل کے چیئرمین اور جامعہ دارالعلوم حقانیہ کے نائب مہتمم مولانا حامد الحق حقانی نے حالیہ وبائی مرض کرونا وائرس کے حوالے سے اپنے بیان میں کہاکہ یہ وبا اللہ تعالیٰ کی جانب سے آزمائش ہے اور اس وبا کا تدارک رجوع الی اللہ نماز روزہ،توبہ استغفار،صدقات وخیرات اور اپنے جسم اور مال کی زکوٰۃ ادا کرنے سے ممکن ہوسکے گا،دنیا بھر کے ساتھ ساتھ پاکستان میں بھی لیبر ومزدورکار طبقہ اس وقت گھروں میں ہاتھ پہ ہاتھ رکھے بیٹھے ہوئے ہیں،ان کے بچے رزق کے لئے پریشان ہیں،مخیر حضرات اور عوام کو چاہیے کہ وہ احتیاطی تدابیر اپناتے ہوئے ان غرباء فقراء اور بیروزگار طبقات تک کھانے پینے کا راشن،دوائیاں اور نقد رقم پہنچانے میں بھرپور تعاون کریں۔ مولانا حامد الحق حقانی نے کہاکہ میرے دادا جان شیخ الحدیث حضرت مولانا عبدالحق صاحب ؒ اورمیرے والد شہید اسلام،شہیدپاکستان شیخ الحدیث حضرت مولانا سمیع الحق صاحب شہیدؒ کے اور ہمارے ادارے کے لاکھوں مریدین،تلامذہ اور شاگرد جودنیا بھر میں اسلام کی خدمت کیلئے پھیلے ہوئے ہیں اور فلاح انسانیت کا درس دے رہے ہیں، میری ان سے بھی اپیل ہے کہ اس موذی مرض پر اسلام کی روشنی میں دنیا بھر میں انتظامیہ کے ساتھ مل کر انسانیت کو موت کے منہ میں اترنے سے بچانے کیلئے اپنی خدمات اور وقت وقف کردیں یہی ہمارے جینے کا مقصد ہے۔
حامد الحق حقانی