حکومت تیر اندازی کے کھیل کی ترقی کیلئے اقدامات کرے،وصال محمد

حکومت تیر اندازی کے کھیل کی ترقی کیلئے اقدامات کرے،وصال محمد

  



اسلام آباد (این این آئی) پاکستان آرچری فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل وصال محمد خان نے کہا ہے کہ حکومت تیر اندازی کے کھیل کی ترقی کے لئے ٹھوس اقدامات کرے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں گراس روٹ سطح پر تیز اندازی کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے لیکن اس ٹیلنٹ کو بروئے کار لانے کے لئے فیڈریشن تمام وسائل کو استعمال کرے گی، ایک سوال کے جواب میں وصال محمد خان نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں تیر اندازی کا کھیل بڑی تیزی سے مقبولیت اختیار کر رہا ہے اور آل پاکستان انٹر یونیورسٹیز آرچری چمپئن شپ کے مقابلے باقاعدگی سے منعقد ہورہے ہیں۔

، انہوں نے کہا کہ حکومت دیگر کھیلوں کی طرح اس کھیل پر بھی توجہ دے تو قومی کھلاڑی انٹرنیشنل سطح پر تیز اندازی کے کھیل میں ملک کا نام روشن کرسکیں، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان آرچری فیڈریشن کو پاکستان سپورٹس بورڈ کی جانب سے کوئی گرانٹ نہیں ملتی اور کھلاڑی اپنی مدد آپ کے تحت انٹرنیشنل سطح پر مقابلوں میں حصہ لے رہے ہیں،انہوں نے کہا کہ آرچری کا کھیل صدیوں پرانا کھیل ہے اس پر توجہ دینے کی ضرورت ہے اور فیڈریشن اپنی مدد آپ کے تحت قومی آرچری چمپئن شپ، قومی جونیئر آرچری چمپئن شپ، بین الصوبائی شپ کے مقابلے منعقد کروانے کے ساتھ ساتھ صوبائی ایسوسی ایشنز بھی اپنی اپنی چمپئن شپ کا انعقاد باقاعدگی سے کر رہی ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ فیڈریشن کے زیراہتمام نیشنل اکیڈمی کا قیام عمل میں لانے کی کی ضرورت ہے۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی