ڈیرہ،صوبائی وزیر اقبال وزیر کا قرنطینہ سنٹرز کا دورہ

ڈیرہ،صوبائی وزیر اقبال وزیر کا قرنطینہ سنٹرز کا دورہ

  



پشاور(سٹاف رپورٹر)خیبر پختونخوا کے وزیر ریلیف بحالی آبادکاری اقبال وزیر نے قرنطینہ سنٹر ڈیرہ اسماعیل خان، قرنطینہ سنٹر ایف آر ڈی آئی خان درازندہ اور بکاخیل متاثرین کیمپ میں قائم قرنطینہ سنٹرکے الگ الگ دورے کئے اور وہاں پر کورونا وائرس کے حوالے سے سہولیات کا جائزہ لیا۔ وزیر ریلیف کے ساتھ پی ڈی ایم اے کے حکام بھی موجود تھے۔ اس موقع پر قرنطینہ سنٹرز اور بکاخیل آئی ڈی پیز کیمپ حکام نے وزیر ریلیف کو تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ قرنطینہ سنٹرز ڈی آئی خان، درازندہ اور بکاخیل متاثرین کیمپ میں تمام سہولیات موجود ہیں، قرنطینہ سنٹرز میں احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کیا جارہا ہے اور عوامی آگاہی کے لئے بھی بھرپور مہم چلائی جارہی ہے۔قرنطینہ مراکز میں کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے ڈاکٹرز اور دیگر عملہ 24/7موجود رہتا ہے۔ وزیر ریلیف بحالی وآبادکاری اقبال وزیر نے قرنطینہ مراکز میں سہولیات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ شمالی وزیرستان کے متاثرین اور صوبے کے دیگر لوگوں کو کورونا وائرس سے بچانے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں، صوبائی حکومت کی پوری مشینری کورونا سے نمٹنے کے لئے حرکت میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلی محمود خان بذات خود تمام انتظامات کی نگرانی کررہا ہے، عوام کو طبی سہولیات فراہم کرنے کے لئے وزیراعلی نے 1300 نئے میڈیکل آفیسرز بھرتی کرنے کی بھی منظوری دی ہے۔ وزیر ریلیف نے پیغام دیا کہ عوام گھروں سے باہر نہ نکلیں اور طبی ماہرین کی طرف سے احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کریں۔ اس وائرس کا خاتمہ احتیاطی تدابیر اپنانے سے ہی ہوگا۔ وزیر ریلیف و آبادکاری نے عوام کو یقین دہانی کرائی کہ صوبائی حکومت کورونا وائرس پر قابو پانے کیلئے سنجیدہ ہے، عوام حکومت کا بھر پور ساتھ دیں۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر