کورونا کا پھیلاؤ روکنے کیلئے پولیس کے اختیارات تفویض
لاہور(کرائم رپورٹر)کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لئے سی سی پی او لاہور ذوالفقار حمید نے پولیس آرڈر 2002 میں تفویض ایمرجنسی اختیارات کے تحت ڈویژنل ایس پیز کو نئی ہدایات جاری کردی ہیں۔ حکمنامے میں کہا گیا ہے کہ لاہور میں کورونا وائرس سے بچاؤ کے لئے ہر قسم کے عوامی، مذہبی اجتماعات پر پابندی رہے گی، پارکس، ہوٹلز، ریستوران، سڑکیں، جم، سنوکر کلب، تعلیمی ادارے کھولنے پر کارروائی ہوگی، اہم میڈیکل ادویات، ماسک، سینی ٹائزرز، جراثیم کش صابن، لیکوئڈ ذخیرہ کرنے یا مہنگا بیچنے پر ایکشن ہوگا، پولیس افسران کورونا سے متاثرہ افراد کو معائنہ یا علاج کرانے کا پابند بنا سکیں گے، اے ایس آئی یا اس سے اوپر رینک کا پولیس افسر خلاف ورزی پر کسی کو بھی نوٹس جاری کرسکے گا، خلاف ورزی کرنے والوں کو افسر پولیس سٹیشن طلب کرکے حلف نامہ لے سکے گا۔ ترجمان لاہور پولیس کے مطابق اے ایس آئی یا اوپر رینک کا پولیس افسر خلاف ورزی پر پولیس آرڈر کے تحت کارروائی کرسکے گا۔
سی سی پی او ذوالفقار حمید نے پولیس آرڈر کی دفعات 118، 119 اور 123 کے تحت حاصل اختیارات بروئے کار لائے۔