روس کے طیارے ادویات، طبی آلات، ماہرین کو لے کر اٹلی پہنچ گئے

  روس کے طیارے ادویات، طبی آلات، ماہرین کو لے کر اٹلی پہنچ گئے

  



روم (اے پی پی) روس کے سات فوجی طیارے ادویات، طبی آلات اور ماہرین کو لے کر اٹلی پہنچ گئے۔ روسی ذرائع ابلاغ کی رپورٹ کے مطابق الیوشن۔II۔76 نامی ملٹری ٹرانسپورٹ طیارے اٹلی کے پراٹیکا ڈی میئر ایئر بیس پر اترے۔ان طیاروں میں وائرل انفیکشن سے متاثر افراد کا علاج کرنے کے ماہر ڈاکٹر اور وائرس سے ہونے والے امراض کی تشخیص اور علاج کے لئے درکار طبی آلات لائے گئے۔روسی وزارت دفاع کے مطابق یہ ماہرین اطالوی حکام کی طرف سے کورونا وائرس سے متاثرہ علاقے میں تعیناتی کے فوری بعد اپنا کام شروع کر دیں گے۔روسی طیاروں کی آمد کے موقع پر اٹلی چیف آف ڈیفنس سٹاف جنرل اینزو ویکی اریلی ایئر بیس پر موجود تھے۔ انہوں نے مشکل وقت میں مدد پر روسی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔ اٹلی کو امداد کا حکم روسی صدر ولادی میر پوٹن نے اطالوی وزیر اعظم گیوسپ کونٹے کے انہیں فون کے بعد جاری کیا۔ واضح رہے کہ اٹلی میں کورونا وائرس سے اموات 5,476 ہو چکی ہیں جن میں سے 651 افراد اتوار کو صرف ایک دن میں لقمہ اجل بن گئے۔اٹلی میں کورونا وائرس کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 60 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔

مزید : علاقائی