گورنر سندگ عمران اسماعیل کی زیر صدارت اعلٰی سطحی اجلاس

گورنر سندگ عمران اسماعیل کی زیر صدارت اعلٰی سطحی اجلاس

  



کراچی (اسٹاف رپورٹر)گورنر سندھ عمران اسماعیل کی زیر صدارت گورنر ہاؤس میں منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس میں کورو نا وائرس سے درپیش چیلنجز، عوام کو محفوظ رکھنے کے ضمن میں اٹھائے گئے اقدامات سمیت دیگر حائل مشکلات پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔ اجلاس میں مشیر خزانہ ڈاکٹر حفیظ شیخ، مشیر تجارت رزاق داؤد، مشیر برائے اصلاصات عشرت حسین، مشیر پیٹرولیم ندیم بابر اور چیئرمین ایف بی آر نے بذریعہ وڈیو لنک جبکہ فوڈ، فارما، ہوٹل اور ٹیکسٹائیل انڈسری کے نمائندگان سمیت بزنس کمیونٹی کی معروف شخصیات سراج قاسم تیلی، عقیل کریم ڈھیڈی، سردار یاسین ملک، زاہد سعید، زبیر باویجہ، ریحان پیر زادہ، معروف سماجی کارکن فیصل ایدھی،رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان اور محمود مولوی نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں لاک ڈاؤن کی صورت میں انڈسٹریز کو درپیش مشکلات کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں فارما کمپنیوں نے کلورو کئین بنانے اور ٹیسٹ کٹس کی درآمد کے سلسلہ میں ڈریپ سے تعاون کی درخواست کی۔ اجلاس میں ہوٹل انڈسٹریز کے نمائندوں نے صوبہ کے ہوٹلز کو قرنظینہ سینٹرز بنانے کے نوٹیفیکیشن پر تشویش کا اظہار کیا۔ اس موقع پر گورنرسندھ نے کہا کہ وفاقی حکومت بزنس کمیونٹی کو ہر ممکن تعاون فراہم کر رہی ہے وزیراعظم عمران خان جلد ہی تمام شعبہ جات کے لیے ریلیف پیکیج کا اعلان کریں گے - انہوں نے مزید کہا کہ کرونا وائرس کی روک تھام کے ساتھ ساتھ عوام کی فلاح و بہبود اور بزنس کمیونٹی کو سہولیات دینا ہماری ترجیحات میں شامل ہے عوام کی مشکلات کا احساس ہے اس ضمن میں سیلانی ٹرسٹ کے ساتھ مل کر ایک لاکھ راشن بیگز تقسیم کیے جا رہے ہیں -مشیر خزانہ ڈاکٹر عبد الحفیظ شیخ نے کہا کہ وفاقی حکومت کو بزنس کمیونٹی کی مشکلات کا اندازہ ہے بزنس کمیونٹی کو ریلیف دینے کے لئے 61 اشیاء کو ڈیوٹیز سے استثنیٰ دیا گیا ہے جبکہ کلورو کئین کی تیاری کے سلسلے میں ماہرین سے رابطہ میں ہیں اورہوٹل انڈسٹری کے تحفظات کے سلسلے میں نیشنل ڈیزاسٹر منجمنٹ اتھارٹی سے بات کریں گے - مشیر پٹرولیم ندیم بابر نے کہا کہ پیٹرولیم پروڈکٹس کی سپلائی چین کو بہتر بنانے کے لیے سندھ حکومت سے بات کر رہے ہیں -

مزید : صفحہ اول