سیاسی و عسکری قیادت عوامی تعاون سے کرونا وائرس کو شکست دے گی: عثمان بزدار

سیاسی و عسکری قیادت عوامی تعاون سے کرونا وائرس کو شکست دے گی: عثمان بزدار

  



لاہور(جنرل رپورٹر) وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدارنے کہاہے کہ پاک فوج نے ہمیشہ مشکل وقت میں قوم کا بھرپور ساتھ دیا، سیاسی وعسکری قیادت عوام کے تعاون سے کرونا چیلنج سے بطریق احسن نمٹے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں کیا۔اجلاس میں کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل ماجد احسان،جنرل آفیسر کمانڈنگ 10 ڈویژن میجر جنرل محمد انیق الرحمن ملک،جنرل آفیسر کمانڈنگ 11 ڈویژن میجر جنرل محمد یوسف،ڈی جی رینجرز پنجاب میجر جنرل محمد عامر مجید،چیف سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ،، سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن، پرنسپل سیکرٹری وزیر اعلی پنجاب، سیکرٹری پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔اجلاس میں کرونا وائرس کی روک تھام کیلئے کئے جانے والے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلی عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب حکومت نے آرٹیکل 245 کے تحت فوج سے مدد طلب کی ہے جبکہ پنجاب حکومت کے تمام تر وسائل کرونا کے مسئلے سے نمٹنے کیلئے حاضر ہیں،اس موقع پر کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل ماجد احسان نے کہا کہ کرونا وائرس سے نمٹنے کے لئے پنجاب حکومت کے ساتھ بھرپور تعاون کریں گے کیونکہیہ ہم سب کا مشترکہ مسئلہ ہے جس کیلئے اجتماعی کاوشوں کو موثر انداز میں بروئے کار لانا ہو گا۔اجلاس میں متاثرہ مریضوں کے علاج معالجے کیلئے انتظامات کا بھی جائزہ لیا گیا، عوام کی زندگیوں کو محفوظ بنانے کے لئے تمام ترممکنہ اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کیا گیا۔اجلاس کے شرکاء نے کرونا وائرس سے نمٹنے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لانے پر اتفاق کیا-اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ حکومتی اقدامات پر 100 فیصد عملدرآمد یقینی بنانے کے لئے مشترکہ طور پر اقدامات کئے جائیں گے۔

سردار عثمان بزدار

مزید : صفحہ اول