بنو ں،خانہ بدوش خواتین کے قتل کیخلاف لواحقین کا احتجاج

بنو ں،خانہ بدوش خواتین کے قتل کیخلاف لواحقین کا احتجاج

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


بنوں (بیورورپورٹ)بنوں ٹاون شپ میں قتل ہونے والی خواتین کے ملزمان کی گرفتاری کے لئے لواحقین نے احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے دونوں خانہ بدوش خواتین کی لاشیں سڑک پر رکھ کر نعرے بازی کی۔مظاہرین نے شدید غم وغصے کا اظہار کرتے ہوئے ملزمان کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔ احتجاجی مظاہرے سے خانہ بدوش قوم کے مشران نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نامعلوم ٹارگٹ کلرز ہماری بے گناہ خواتین کو نشانہ بنارہے ہیں۔ہمارے لوگوں کا بے گناہ قتل عام کیا جا رہا ہے۔اب تک ہماری تین خواتین کو چند دنوں میں بیدردی سے قتل کیا گیا۔پولیس ابھی تک ملزمان کو گرفتار کرنے میں ناکام ہوچکی ہیں۔ہم پیدائشی بنوں کے خانہ بدوش اور پاکستانی ہے بنوں میں 50سالوں سے مقیم ہیں اور ہماری خواتین اور مرد گاؤں گاؤں برتن اور کپڑے فروحت کرتے ہیں لیکن ہمیں کوئی قبول نہیں کر رہا۔ ہمارے اباواجداد بیزن خیل، عمرزئی، سیدخیل کے پیدائشی تھے۔ہم بیزن خیل، سید خیل،عمرزائی، ہاتھی خیل، اسپرکہ اور پائندہ خیل قوم کے مشران کے شکور گزار ہیں۔ جنہوں نے ہر مشکل گھڑی میں خانہ بدوش قوم کو سپورٹ کیا۔ اور قوم کے مشران ہمارے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں انہوں نے مطالبہ کیا کہ پنجاب سے آئے ہوئے خانہ بدوش لوگوں کو بنوں سے نکالا جائے۔ہم محب وطن خانہ بدوش قوم ہیں۔ہم وزیر اعظم عمران خان، وزیر اعلی محمود خان، آرمی چیف، ڈی آئی جی بنوں اور ڈی پی او بنوں سے پرزور مطالبہ کرتے ہیں کہ خانہ بدوش قوم کا تحفظ یقینی بنائیں۔ اور ہماری بے گناہ خانہ بدوش خواتین کو قتل کرنے والے ٹارگٹ کلرز کو گرفتار کرنے کے لئے ٹھوس اقدمات اٹھائیں۔ اور قتل ہونے والی خواتین کے لواحقین کے لئے حکومت فوری املی امداد فراہم کریں۔ کیونکہ قتل ہونے والی خانہ بدوش خواتین کے چھوٹے بچے یتیم ہوچکے ہیں۔ ان کی کفالت کے لئے حکومت فوری اقدامات اٹھائیں۔ احتجاجی مظاہرے کے بعد قتل ہونے والی خواتین کو بنوں ٹاون شپ قبرستان میں سپردخاک کر دیا گیا۔واضح رہے کہ ان دونوں خواتین کونامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کرکے شام کے وقت ٹاؤن شپ میں قتل کیا تھا۔