پاکستان میں 892 افراد کورونا سے متاثر ،5 کی حالت تشویشناک ہے،ڈاکٹر ظفرمرزا
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیراعظم کے مشیر صحت ڈاکٹر ظفرمرزا نے کہاہے کہ پاکستان میں 892 افراد کورونا سے متاثر ہیں جن میں 5 مریضوںکی صحت تشویشناک ہے ،بلوچستان 110 ،گلگت بلتستان80 ،کے پی میں 38 کیسز ہیں ،انہوں نے کہاکہ 63 فیصد کیسز مرداور37 فیصد کیسز خواتین کے ہیں ،مشیر صحت نے کہاکہ 7 ہزار736 مشتبہ افراد کی رپورٹس کا انتظار ہے ،ملک کے مختلف قرنطینہ سنٹر پر 4788 لوگ موجود ہیں،کورونا سے متعلق وزیراعظم آج ایک ڈیڑھ گھنٹے میں معاشی پیکج کا اعلان کرنے والے ہیں ۔
یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ہونے والا معاشی ٹیم کا اجلاس ختم ہوگیا ہے جس میں انہوں نے معاشی پیکج کی منظوری دیدی ہے جس کا اعلان کچھ دیر میں کیا جائے گا ۔ وزیراعظم عمران خان نے اجلاس کے دوران کہا کہ حکومت مشکل وقت میں دیہاڑی دار اور مزدوروں کے ساتھ کھڑی ہے ۔اجلاس کے دوران وزیراعظم نے ثانیہ نشترکو اہم ذمہ داری بھی سونپ دی ہے ۔
مشیر صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ صوبائی حکومتیں کورونا کے حوالے سے ہر ممکن اقدامات کررہی ہیں، جو سخت کئے جارہے ہیں اس سے کورونا کم پھیلے گا،انہوں نے کہاکہ صوبائی حکومتیں کوشش کررہی ہیں کہ عوام گھروں تک محدود رہیں، صورتحال کو دیکھتے ہوئے حکومت تمام ممکنہ اقدامات کررہی ہے ،سخت اقدامات کے بعدامید ہے جلد کورونا وائرس پر قابو پا لیں گے ۔
انہوںنے کہاکہ حالات کے مطابق اقدامات بھی تبدیل ہوں گے، این ڈی ایم اے کورونا سے بچاﺅ کیلئے فرنٹ لائن پرہے، این ڈیم ایم اے مطلوبہ آلات کی فراہمی ممکن بنا رہی ہے ،لوگوں کی جانب سے امدادی سامان کی فراہمی کیلئے رابطے کئے جارہے ہیں،این ڈی ایم اے تمام امدادی سامان وصول کرےگا۔ڈاکٹر ظفرمرزا نے کہاکہ قومی سطح پررضاکارانہ پروگرام بھی ترتیب دے رہے ہیں ،5 ہزار طبی عملے کوکورونا سے نمٹنے کیلئے باقاعدہ تیار کررہے ہیں ۔