شرجیل خان کی قومی ٹیم میں واپسی سے متعلق محمد حفیظ کا بیان، سابق بھارتی کرکٹر نے کس کی حمایت کر دی؟ جان کر آپ بھی حیران رہ جائیں

شرجیل خان کی قومی ٹیم میں واپسی سے متعلق محمد حفیظ کا بیان، سابق بھارتی کرکٹر ...
شرجیل خان کی قومی ٹیم میں واپسی سے متعلق محمد حفیظ کا بیان، سابق بھارتی کرکٹر نے کس کی حمایت کر دی؟ جان کر آپ بھی حیران رہ جائیں

  



لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) بھارت کے سابق کرکٹر آکاش چوپڑا نے پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز آل راﺅنڈر محمد حفیظ اور شرجیل خان کے معاملے پر اپنی رائے دیتے ہوئے محمد حفیظ کی حمایت کر دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق محمد حفیظ نے شرجیل خان کی قومی ٹیم میں واپسی کی دبے الفاظ میں مخالفت کی تھی جس پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) وسیم خان کا کہنا تھا کہ محمد حفیظ اپنی کرکٹ پر توجہ دیں کیونکہ انہیں کوئی حق نہیں پہنچتا کہ وہ دیگر کھلاڑیوں سے متعلق بیانات دیں۔

آکاش چوپڑا نے اپنے ایک ویڈیو بیان میں کہا کہ ”حفیظ کو بولنے دیں کیونکہ وہ صحیح بات کر رہے ہیں۔ آج کل لوگ ایسے معاملات پر نہیں بولتے جو ایک مسئلہ ہے۔ وہ حقیقت میں صحیح بات کر رہے ہیں جنہوں نے بہت سادہ سوال پوچھا ہے کہ کیا چیز اہم ہے، وقار یا خاص ٹیلنٹ! میرے خیال سے آپ ایک یا دو ٹیلنٹڈ لوگوں کو جانے دے سکتے ہیں لیکن اگر آپ وقار کی قربانی دیں گے تو پھر کچھ نہیں بچے گا۔“

انہوں نے کہا کہ ”داغدار کرکٹرز کو خوش آمدید نہیں کہنا چاہئے، زندگی آپ کو دوسرا موقع دیتی ہے مگر انہیں کہیں اور دوسرا موقع دیدینا چاہئے کھیل میں نہیں۔ آپ کو ایک سخت مثال قائم کرنی چاہئے نہیں تو پھر یہ دیکھ کر دیگر کھلاڑی بھی فکسنگ میں آ جائیں گے کہ کھلاڑی سزا پوری کرنے کے بعد واپس آ جاتے ہیں۔“

سابق بھارتی کرکٹر نے کہا کہ ”میں نے محمد حفیظ کیساتھ انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) کے پہلے سیزن میں وقت گزارا ہے جب وہ کلکتہ نائٹ رائیڈرز کا حصہ تھے۔ وہ ایسے کھلاڑیوں کیخلاف زیرو ٹالرنس پالیسی رکھتے ہیں جو میچ فکسنگ یا سپاٹ فکسنگ میں ملوث ہوں۔ انہوں نے صرف اتنا ہی تو کہا ہے کہ ٹیلنٹ سے زیادہ ملکی وقار کی اہمیت ہے، اور میں ان کیساتھ مکمل اتفاق کرتا ہوں۔ جب آپ کو معلوم ہو کہ آپ کے ساتھی کھلاڑی میچ فکسنگ کر رہے تھے تو پھر آپ کا دل دکھی ہوتا ہے، مایوسی ہوتی ہے اور پریشانی بھی ہوتی ہے۔“

مزید : کھیل